اساتذہ کی 23000 خالی آسامیاں: ”نہ بینک جانے کی دقت نہ قطار میں لگنے کا انتظار، اپلائی سے لے کر نتائج تک تمام عمل کمپیوٹرائزڈ ہے”
ایٹا کی ایگزیکٹیو ڈائریکٹر سیدہ تنزیلہ صباحت نے کہا ہے کہ سرکاری سکولوں میں اساتذہ کی 23000 ہزار خالی آسامیوں پر ایٹا کے زریعے بھرتیاں کی جا رہی ہیں، پندرہ دسمبر سے ایٹا کی ویب سائٹ پر امیدواروں کی درخواستیں آن لائن موصول ہونے کا عمل شروع ہو گا۔
پیر کو پشاور میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے ایجوکیشنل ٹیسٹنگ اینڈ ایوالویشن ایجنسی ( ایٹا ) کی ایگزیکٹیو ڈائریکٹر سیدہ تنزیلہ صباحت نے بتایا کہ محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم کے زیر انتظام سرکاری سکولوں میں اساتذہ کی 23000 خالی آسامیوں کی بھرتیوں کا عمل پندرہ دسمبر سے ایٹا کے زریعے شروع ہو گا پندرہ دسمبر سے ایٹا کی ویب سائٹ etea.edu.pk پر امیدواروں کیلئے آن لائن فارم دستیاب ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ امیدواروں کی سہولت کیلئے اس بار تمام امیدوار ایزی پیسہ اور جاز کیش کے ذریعے گھر بیٹھے اپنی ETEA ٹیسٹ فیس اپنے موبائل سے بغیر کسی سروس چارجز کے جمع کرا سکتے ہیں، ”نہ بینک جانے کی دقت نہ قطار میں لگنے کا انتظار، اپلائی سے لے کر نتائج تک تمام عمل کمپیوٹرائزڈ ہے، امیدواروں کی شکایات و رہنمائی کیلئے خصوصی ہاٹ لائن قائم کی گئی ہے۔”
ادارے کی شفافیت اور میرٹ کی بالادستی بارے تنزیلہ صباحت کا کہنا تھا کہ درخواستوں سے لے کر نتائج تک تمام عمل کمپیوٹرائزڈ ہے، پیپرز کی چیکنگ خودکار مشینوں کے زیریعے کی جاتی ہے، حال ہی میں ضم اضلاع کی 22000 آسامیوں پر بھی بھرتی کا عمل ایٹا کے زریعے ہوا ہے، حالیہ بھرتی کے عمل کیلئے تمام تر تیاریاں مکمل کی گئی ہیں۔
انتطامات بارے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر نے بتایا کہ صوبے کے ریجنل ہیڈکوارٹرز سمیت دس بڑے شہروں میں ٹیسٹ کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ امیدواروں کو ٹیسٹ کی جگہ پر پہنچنے میں آسانی ہو، ”آن لائن درخواستوں سے قبل ویب سائٹ میں ضروری مرمت اور ٹیسٹنگ کا عمل مکمل ہو چکا ہے تاکہ امیدواروں کو آن لائن درخواستوں میں کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔”
انہوں نے مزید بتایا کہ اس پروجیکٹ کیلئے سپیشل ہاٹ لائن ترتیب دی گئی ہے جس کے زریعے امیدواروں کے مسائل فوری حل کئے جائیں گے اور ان کی صحیح رہنمائی کی جائے گی۔
تنزیلہ صباحت نے یہ بھی بتایا کہ سرکاری سکول اساتذہ میں پی ایس ٹی، سی ٹی، سی ٹی آئی ٹی، ٹی ٹی، پی ای ٹی، اے ٹی، اور ڈی ایم کی 13967 مرد اور 8,757 خواتین آسامیوں سمیت 591 ایس ایس ٹیز کی سیٹوں پر بھرتی عمل میں لائی جائے گی، ”ایٹا درخواست میں فراہم کردہ معلومات کی بنیاد پر امیدواروں کی جانچ پڑتال کرے گی اور ٹیسٹ کے بعد نتائج پر مبنی میرٹ لسٹیں ویب سائٹ پر اپلوڈ کی جائیں گی۔”
انہوں کہا کہ آسامیوں کی تشہیر کیلئے اخبارات کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا کا استعمال بھی کیا جا رہا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ امیدواروں تک معلومات کی رسائی ممکن ہو۔