میر علی: پی ٹی سی ایل ڈپو نذرآتش، لینڈ لائن و انٹرنیٹ سروس معطل
شمالی وزیرستان کے علاقہ میر علی میں نامعلوم افراد نے پی ٹی سی ایل ڈپو کو نذر آتش کر دیا جس کے باعث پورے علاقے میں انٹرنیٹ اور پی ٹی سی ایل لائنیں خاموش ہو گئیں، مکینوں کو رابطوں میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں زونگ موبائل کے ٹاور کو بھی نذرآتش کیا گیا تھا۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ شب نامعلوم افراد میر علی میں بازار میں رات 10 بجے کے قریب پی ٹی سی ایل ڈپو کو آگ لگا دی جس کے نتیجہ میں پورا سسٹم جل کر خاکستر ہو گیا جس کے باعث پی ٹی سی ایل اور انٹرنیٹ سروس منقطع ہو گئی جس سے کاروباری افراد، عوام اور دفتری امور شدید متاثر ہو گئے۔
دوسری جانب پیپلز پارٹی کے سینئر رہنماء شفقت داوڑ نے کہا ہے کہ پی ٹی سی ایل اور ڈی ایس ایل کو جلد بحال نہ کیا گیا تو احتجاج پر مجبور ہوں گے کیونکہ شہریوں کا اپنے رشتہ داروں سے رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔ دریں اثناء پی ٹی سی ایل آفیسر کا کہنا ہے میر علی میں پی ٹی سی ایل ڈپو کو جلد دوبارہ تعمیر کر دیا جائے گا۔
خیال رہے کہ 30 اکتوبر کو شمالی وزیرستان کے مختلف مقامات پر لگائے گئے زونگ ٹاور نے کام شروع کر دیا تھا اور ساتھ ہی ساتھ فور جی انٹرنیٹ نے بھی باقاعدہ طور پر اچھے طریقے سے کام شروع کر دیا تھا۔