امریکی لڑکی ہراسانی کیس: ملزم دو روزہ ریمانڈ پر ایف آئے اے کے حوالے
جوڈیشل مجسٹریٹ پشاور فاروق احمد نے امریکی بچی کو ہراساں کرنے کے الزام میں گرفتار ملزم کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کے حوالے کر دیا۔
خیال رہے کہ آج امریکہ کی کم عمر لڑکی کو بلیک میل اور جنسی طور پر ہراساں کرنے کے الزام میں پشاور سے ایک نوجوان کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔ ذرائع کے مطابق امریکی ایف بی آئی کی جانب سے ایف آئی اے کو معلومات فراہم کی گئی تھیں کہ حیات آباد پشاور میں رہائش پذیر ایک نوجوان ورجینیا میں رہنے والی بچی کو اس کی عریاں تصویروں کے باعث بلیک میل اور جنسی طور پر ہراساں کر رہا ہے۔
اطلاع پر ایف آئی اے کے چائلڈ پورنو گرافی سیل نے حیات آباد میں چھاپہ مار کر انس فاروق نامی نوجوان کو گرفتار کر لیا۔
بعدازاں ملزم کو جوڈیشل مجسٹریٹ فاروق احمد کی عدالت میں پیش کیا گیا، عدالت کو بتایا گیا کہ ملزم پر الزام ہے کہ اس نے امریکہ میں سوشل میڈیا کے ذریعے بچی کو ہراساں کیا ہے، ملزم سے تفتیش کی ضرورت ہے، لہذا ملزم کو جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کیا جائے، عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے ملزم کو دورزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کر دیا۔
ذرائع کے مطابق ا ملزم کا موبائل فون بھی ایف آئی اے نے ضبط کر لیا ہے، دوران تفتیش ملزم نے اعتراف کیا کہ اس نے نابالغ متاثرین کے اسنیپ چیٹ اکاؤنٹ تک غیرقانونی رسائی حاصل کی تھی اور اسی اکاؤنٹ سے متاثرہ بچی کی عریاں تصویریں اس کے ہاتھ لگیں جس کے بعد اس نے بچی کو بلیک میل اور جنسی طور پر ہراساں کرنا شروع کر دیا تھا۔