شمالی وزیرستان میں ٹارگٹ کلنگ کا ایک اور واقعہ، میرعلی میں دو بھائی قتل
شمالی وزیرستان کے میرعلی تحصیل میں ٹارگٹ کلنگ کے تازہ ترین واقعے میں تحصیل غلام خان کے دو بھائی جاں بحق ہوگئے۔
میرعلی میں موجود سرکاری ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ میرعلی کے ٹوچی پار علاقے ناؤنا میں نامعلوم مسلح افراد نے دن دیہاڑے ایک ڈاٹسن پک اپ پر حملہ کیا اور فائرنگ شروع کر دی جس کے نتیجے میں تحصیل غلام خان سے ساتھ تعلق رکھنے والے دو افراد جو آپس میں سگے بھائی ہیں، قتل کردیئے گئے جس کی شناخت حکمت اللہ اور رحمان اللہ پسران نذیر ساکنان سیدگی تحصیل غلام خان کے ناموں سے ہوئی ہے۔
ذرائع کے مطابق ملزمان واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ شمالی وزیرستان میں رواں سال ٹارگٹ کلنگ کا یہ 42واں واقعہ ہے جس میں اب تک 43 کے لگ بھگ افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ اس سے تین دن پہلے بھی میرعلی ہی میں یوتھ اف وزیرستان کے بانی صدر نور اسلام داوڑ کو اسی ہی انداز میں نامعلوم مسلح افراد نے ٹارگٹ کرکے قتل کردیا تھا۔