کرم: جائیداد کے تنازعے پر فائرنگ، 8 افراد جاں بحق 11 زخمی
ضلع کرم: لوئر کرم میں جائیداد کے تنازعے پر فریقین کے مابین فائرنگ کے نتیجے میں آٹھ افراد جاں بحق جبکہ گیارہ زخمی ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق لوئر کرم میں علاقہ مہورہ کے قریب شیر جان کلے اور ساگو کلے کے قبائل کے مابین طویل عرصے سے جائیداد کا تنازعہ چلا آ رہا تھا، آج صبح فریقین کے درمیان آمنا سامنا ہونے پر تلخ کلامی ہوئی جس کے بعد فریقین نے ایک دوسرے پر اندھادھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں فریقین کے آٹھ افراد جاں بحق جبکہ گیارہ زخمی ہو گئے۔
جاں بحق ہونے والوں میں مقداد حسین، استقلال حسین، سید عابد حسین، سید امداد، علی حسن، قیصر حسین، علی نبی اور شوکت حسین شامل ہیں، وقوعہ کے بعد زخمیوں کو پاراچنار ہسپتال پہنچا دیا گیا جہاں انہیں طبی امداد پہنچائی جا رہی ہے۔
ڈسٹرکٹ ہسپتال پاراچنار کے ڈی ایم ایس ڈاکٹر ممتاز حسین کے مطابق تین زخمیوں کی حالت نازک ہے، ڈی پی او ضلع کرم طاہر اقبال کا کہنا ہے کہ پولیس کے دستے علاقے میں پہنچ گئے ہیں اور واقعے کے حوالے سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
دوسری جانب سول سوسائٹی رہنماؤں محمود علی جان، آغا مزمل حسین اور رمضان پراچہ نے کہا کہ آئے روز شاملاتی اراضی پر قیمتی جانوں کا ضیاع افسوس ناک امر ہے، ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے بروقت اطلاع ملنے کے باوجود کسی قسم کی کاروائی نہ کرنا سمجھ سے بالاتر ہے۔
انہوں نے وزیر اعلی خیبر پختونخوا سمیت اعلی حکام سے قبائلی اضلاع میں شاملاتی اراضی کے تنازعات کو حل کرنے کیلئے فوری اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا۔