”انڈسٹری مالکان نے اپنا قبلہ درست نہیں کیا تو پاک افغان شاہراہ بند کر دیں گے”
پاکستان تحریک انصاف لیبر ونگ ضلع خیبر کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل لعل ولی آفریدی نے انڈسٹریز مالکان کو دھمکی دی ہے کہ اگر انہوں نے اپنا قبلہ درست نہیں کیا تو ہزاروں مزردوروں کو لے کر پاک افغان شاہراہ کو ہر قسم کے ٹریفک کیلئے بند کر دیں گے۔
باڑہ پریس کلب میں میڈیا کے نمائندوں کے ساتھ گفتگو میں لعل ولی آفریدی کا کہنا تھا کہ باڑہ کی انڈسٹریز یونین کے ساتھ مزدوروں کا کوئی احساس نہیں، باڑہ کے اردگرد مختلف فیکٹریوں کے مالکان اپنا قبلہ درست کریں اور غریب مزدوروں کے زندگی سے کھیلنا بند کریں، مزدور کو مکمل سہولیات دے کر فیکٹریوں میں انہیں مرنے اور زخمی ہونے سے بچایا جائے۔انہوں نے کہا کہ بعض فیکٹریوں میں مزدوروں سے مشقت زیادہ لی جاتی ہے جبکہ تنخواہیں کم دی جاتی ہیں جو مزدوروں کے حقوق غصب کرنے کے مترادف ہے تاہم مزدوروں کے حقوق کے لئے ہم ہر حد تک جائیں گے۔
لعل ولی آفریدی کے مطابق باڑہ کے اردگرد مختلف فیکٹریوں میں مزدوروں کو سہولیات نہ ہونے کے باعث آئے روز مزدوروں کے جلنے اور زخمی ہونے سمیت اموات کی خبریں آتی ہیں جو کہ مزدوروں کا استحصال اور ان کے ساتھ ظلم ہے، ”لیبر یونین مزدوروں کے جائز حقوق حاصل کرنے کے لئے بنائی گئی ہے اور تحریک انصاف کی حکومت مزدوروں کے حقوق کیلئے کوشاں ہے۔”
انہوں نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ باڑہ میں فیکٹریوں کے مالکان مزدوروں سے مشقت زیادہ لیتے ہیں جبکہ کم تنخواہیں دیتے ہیں جس کے خلاف بہت جلد ہزاروں مزدوروں کے ساتھ سڑکوں پر آئیں گے۔
شلوبر بجلی بندش کے خلاف سرتاپا احتجاج
دوسری جانب ضلع خیبر ہی کی تحصیل باڑہ کے علاقہ شلوبر کے مکین اس وقت بجلی بندش کے خلاف سرتاپا احتجاج ہیں۔
ٹی این این زرائع کے مطابق باڑہ شلوبر کے علاقے منصور چیک پوسٹ کے ساتھ مقامی لوگوں نے بجلی کی غیراعلانیہ و طویل لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے ضلع خیبر کو پشاور سے ملانے والے نوگزی بابا روڈ کو ٹریفک کیلئے بند کر دیا ہے۔
مظاہرین کا کہنا ہے کہ کئی دنوں سے بجلی بند ہونے کی وجہ سے علاقے میں پانی کی شدید قلّت پیدا ہو گئی ہے جس کی وجہ سے مقامی رہائشی شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔
مظاہرین نے یہ بھی واضح کر رکھا ہے کہ جب تک بجلی بحال نہیں کی جاتی تب تک ان کا احتجاجی مظاہرہ جاری رہے گا۔