آنگن ٹیڑھا کی ”سلطانہ” ہمارے درمیان نہیں رہیں
پاکستان شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ اور ماہر تعلیم دردانہ بٹ کورونا کے باعث 83 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں۔
دردانہ بٹ گزشتہ دو ہفتوں سے کورونا کی تشخیص کے بعد ہسپتال میں زیر علاج تھیں، اداکار خالد ملک نے ان کے انتقال کی تصدیق اپنے ایک سوشل میڈیا پیغام میں کی۔
انہوں نے لکھا کہ دردانہ آپا دنیا چھوڑ کر خالقِ حقیقی سے جا ملی ہیں، عقلمند، مزاحیہ، بصیرت والی دردانہ بٹ ایک خاص روح تھیں، جو اب اس دنیا میں نہیں رہی ہیں۔
اداکار کی پوسٹ پر صارفین کی بڑی تعداد دردانہ بٹ کیلئے دعائے مغفرت کر رہی ہے۔ اس سے قبل خالد ملک نے ہی ان کی علالت اور وینٹی لیٹر پر منتقل کیے جانے کے حوالے سے بتایا تھا۔
کچھ روز قبل دردانہ بٹ کی بھانجی ملیحہ خان کی جانب سے جاری پیغام میں کہا گیا کہ تمغہ امتیاز حاصل کرنے والی میری خالہ دردانہ بٹ اس وقت بہادری سے کورونا کیخلاف جنگ لڑ رہی ہیں۔
دردانہ بٹ 9 مئی 1938 کو لاہور میں پیدا ہوئیں، دردانہ بٹ نے کینیئرڈ کالج لاہور سے اپنی تعلیم مکمل کی اور یونیورسٹی آف ٹولیڈو سے ایجوکیشنل ایڈمنسٹریشن میں پی ایچ ڈی کی۔
دردانہ بٹ نے 1978 میں پی ٹی وی کے مزاحیہ خاکوں کے پروگرام ففٹی ففٹی سے اداکاری کا آغاز کیا، 1980 میں ڈراما آنگن ٹیڑھا میں سلطانہ کے کردار نے انہیں شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا۔
1985 میں دردانہ بٹ نے پی ٹی وی کے شہرہ آفاق ڈرامے "تنہایاں” میں بی بی کا یادگار کردار ادا کیا۔ دردانہ بٹ نے کریکٹر ایکٹریس کے طور پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ 2019 میں دردانہ بٹ کا آخری ڈرامہ رسوائی آن ایئر ہوا۔