سوات: قندیل میں سیاحوں کو لوٹنے والے 3 ڈاکو کبل سے گرفتار
سوات:مدین کے علاقہ قندل روڈ پر سیاحوں کی کوسٹر کو نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے گن پوائنٹ پر لوٹ لیا، ڈاکو سیاحوں سے سونا، نقدی اور موبائل فونز لوٹ کر فرار ہو گئے تاہم پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تینوں ڈکیت گرفتار کر لئے۔
زرائع کے مطابق سوات کی تحصیل بحرین کے علاقے قندیل میں سیاحوں کی کوسٹر کو نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے گن پوائنٹ پر لوٹ لیا، موٹر سائیکل سوار سیاحوں سے سونا، موبائل فونز اور نقدی لے کر فرار ہو گئے۔ سیاح کالام سے واپس لاہور جا رہے تھے کہ قندیل کے مقام پر راہزنی کا شکار ہوئے۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او سوات دلاور خان بنگش نے فوری کارروائی اور ملزمان کی گرفتاری کے احکامات جاری کئے جس کے بعد ایک گھنٹے کے اندر واقعے میں ملوث تین ڈاکو گرفتار کر لئے گئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق پولیس نے کبل کے مقام پر تین ڈاکوؤں کو گرفتار کر لیا۔ سیاحوں نے پولیس کی فوری کارروائی کو سراہا۔ ملزمان کے قبضے سے 12 موبائل فونز، چار لاکھ نقدی اور پانچ تولے سونا برآمد کر لیا گیا۔
ڈاکوؤں کے ہاتھوں لٹنے والے سیاحوں نے بھی پولیس کی فوری کارروائی کو سراہا اور کہا کہ پولیس نے ڈاکوؤں کو گرفتار کر کے ثابت کر دیا ہے کہ پولیس اپنے فرائض بخوبی انجام دے رہی ہے، ”سوات کی سیاحت کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی ہونی چاہیے۔”
واقعے کے حوالے سے ڈی پی او سوات کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے، ”سوات کی سیاحت کو کسی صورت تباہ نہیں ہونے دیں گے۔”
خیال رہے کہ کچھ روز قبل اسی نوعیت کے ایک واقعہ میں ڈی سی اور ڈی پی او ملاکنڈ کو معطل کیا جا چکا ہے۔