خیبر پختونخواقبائلی اضلاع

مہمند ڈیم کے ریور ڈائی ورشن سسٹم کی تکمیل میں اہم پیش رفت

مہمند ڈیم میں دریا کے رخ موڑنے والے منصوبے میں ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، ڈائی ورشن یا رخ موڑنے کے لئے ٹنل نمبر 2 کے دو حصوں کو کامیابی کے ساتھ ملا دیا گیا.

مہمند ڈیم کی تعمیر کے لئے دریائے سوات کا رخ موڑنے کی غرض سے ڈائی ورشن سسٹم کی تکمیل  کی جانب   ایک   اہم پیش رفت ہے  اور اس ہدف کو  واپڈا  نے آج سرنگوں کی کھدائی کے دوران حاصل کیا۔

اس موقع پر چئیرمین واپڈا لیفٹینیٹ جنرل مزمل حسین(ریٹائرڈ) جبرل منیجر / پراجیکٹ  ڈائریکٹر محمد جاوید آفریدی، چائینہ  گرویہ گروپ کارپوریشن اور مہمند ڈیم کنسلٹنگ کے نمائندگان  بھی موجود تھے۔

چیئرمین واپڈا نے پراجیکٹ انتظامیہ، کنسلٹنٹس اور کنٹریکٹر کو ڈائی ورشن ٹنل نمبر2کے دو حصوں کو کامیابی کے ساتھ باہم ملانے پر مبارکباد پیش کی۔ اُنہوں نے کہا کہ یہ کامیابی اِس لحاظ سے بھی اہم ہے کہ یہ ایک ایسے وقت میں حاصل کی گئی ہے جب دُنیا بھر میں معمولات کوروناکی وباء کے پھیلاؤ کے باعث بُری طرح متاثر ہیں۔انہوں نے کہا کہ واپڈا مہمند ڈیم کی تعمیر میں وفاقی حکومت خصوصاً وزارتِ آبی وسائل کی بھر پور معاونت پر اُن کا شکر گزار ہے۔ اُنہوں نے توقع ظاہر کی کہ پراجیکٹ انتظامیہ اپنے عزم، محنت اور کوشش کی بدولت اس منصوبے کو شیڈول کے مطابق 2025ء میں مکمل کرنے میں کامیاب ہوگی۔ چیئرمین نے مزیدکہا کہ یہ منصوبہ ملک میں پانی کے بحران پر قابو پانے اور کم لاگت پن بجلی کی پیداوار کے ذریعے توانائی کی ضروریات پوری کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

قبل ازیں جنرل منیجر اور پراجیکٹ ڈائریکٹر مہمند ڈیم نے چیئرمین واپڈا کو اِس منصوبے پر تعمیراتی کام کی مجموعی پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ منصوبے کی 10مختلف سائٹس پر تعمیراتی کام بیک وقت جاری ہے اور تسلی بخش رفتار سے آگے بڑھ رہا ہے۔ ان سائٹس میں ڈائی ورشن ٹنلز، پاور اِن ٹیک، پاور واٹر وے، سپل وے، ری ریگولیشن پانڈ، سوئچ یارڈ، پاور ہاؤس اور مین ڈیم کے کناروں کی کھدائی اور پراجیکٹ کالونی شامل ہے۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ مہمند ڈیم صوبہ خیبر پختونخواہ کے ضلع مہمند میں دریائے سوات پر تعمیر کیا جا رہا ہے۔ یہ ایک سی ایف آر ڈیم (CFRD)ہے اوراپنی ساخت کے اعتبار سے دنیا کا پانچواں بڑاڈیم ہے۔ یہ پراجیکٹ 2025ء میں مکمل ہوگا۔تکمیل پرمہمند ڈیم میں 12لاکھ ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ ہو گا، سیلاب سے بچاؤ میں مدد ملے گی اور ایک لاکھ60 ہزار ایکڑ موجودہ زرعی اراضی کے ساتھ ساتھ 18ہزار 237ایکڑ نئی زمین زیر کاشت لائی جا سکے گی۔

مہمند ڈیم کے پاور ہاؤس کی پیداواری صلاحیت 800میگا واٹ ہوگی اور نیشنل گرڈ کو ہر سال دو ارب 86کروڑ یونٹ ماحول  دوست اور کم لاگت پن بجلی مہیا کرے گا۔اس منصوبے سے پشاور شہر کو پینے کیلئے روزانہ 300ملین گیلن پانی بھی فراہم کیا جائے گا۔منصوبے کا سالانہ فوائد کا تخمینہ51ارب 60کروڑ روپے لگایا گیا.

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button