ڈینز ٹریڈ سنٹر میں دو افراد کے قتل کے خلاف احتجاج
پشاور ڈینز ٹریڈ سنٹر میں دو افراد کے قتل کے خلاف احتجاج کیا گیا۔ ڈینز ٹریڈ سنٹر کے سامنے احتجاجی مظاہرے میں سینکٹروں افراد نے شرکت کی۔ مظاہرین نے ایف سی چوک کو کچھ وقت کے لیے بند کیا تھا اور قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کررہے تھے۔
یاد رہے ہفتے کے روز ڈینز ٹریڈ سنٹر پشاور مںیں بجلی کے تنازعہ پر فائرنگ ہوئی تھی جس میں عنایت اللہ صافی اور خیراللہ مہمند جان کی بازی ہارگئے تھے۔
احتجاج کی وجہ سے مرکزی راہداری پر بی آر ٹی سروس عارضی طور پر معطل رہی۔ بعد ازاں کامیاب مذاکرات کے بعد ایف سی چوک کو ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے۔ پشاور پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری تک پشاور ڈینز ٹریڈ سینٹر بند رہے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پشاور ڈینز ٹریڈ سینٹر میں دو افراد کو قتل کرنے والے ملزم اکرام نے مقامی عدالت سے عبوری ضمانت حاصل کرلی ہے۔ عدالت نے اگلی پیشی پر ریکارڈ طلب کر لیا ہے۔
دوسری جانب پشاور میں واقع صوبے کے سب سے بڑے ہسپتال لیڈی ریڈنگ میں فائرنگ ہوئی ہے جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔
ترجمان محمد عاصم کے مطابق ایل آر ایچ کی ایمرجنسی کے ساتھ فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص قتل ہوگیا ہے۔
ترجمان کے مطابق قتل ہونے والہ شخص افغان باشندہ تھا جس کو پہلے بھی گولی لگی تھی۔
ان کا کہنا ہے کہ ایمرجنسی گیٹ پہ رش کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا تاہم ہسپتال انتظامیہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔