خیبر پختونخوا میں عیدالاضحی پر سیاحت سے 6 ارب سے زائد کی آمدنی
سلمان یوسفزے
عید الضحیٰ کی تعطیلات میں خیبرپختونخوا کے سیاحتی علاقوں میں 27 لاکھ ستر ہزار سیاحوں کی آمد سے مختلف مدوں میں 6 ارب سے زائد آمدنی موصول ہوئی ہے۔
سرکاری دستاویزات کے مطابق عید الضحی ٰ کے موقع پر ملک بھر سے لاکھوں سیاحوں نے خیبر پختونخوا کے مخلتف سیاحتی مقامات کا رخ کیا جس سے مجموعی طور مقامی معیشت کو 27 ارب سے زائد کا فائدہ ہوا۔
محکمہ سیاحت خیبرپختونخوا کے ترجمان سعد بن اویس کے مطابق عید کی تعطیلات میں ہزارہ ڈویژن کے سیاحتی مقام گلیات میں 2 لاکھ سے زائد گاڑیوں کی انٹری ہوئی اور 10 لاکھ سے زائد گلیات پرفضا مقامات کی سیر سے لطف اندوز ہوئے جبکہ 5 لاکھ 50 ہزار سے زائد سیاح جنت النظیر وادی سوات کے نظارے دیکھنے گئے ، کاغان میں 3 لاکھ سے زائد گاڑیوں میں 12 لاکھ سے زائد سیاحوں نے پر فضا مقامات کا رخ کیا۔
ٹی این این سے بات کرتے ہوئے سعد نے بتایا کہ خیبرپختونخوا کے جنوبی علاقوں کے سیاحتی مقامات بھی سیاحوں کو اپنی طرف کھینچ رہی ہے، عید کے دنوں میں شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک کی خوبصورت نظاروں سے ایک لاکھ سے زائد سیاح محظوظ ہوئے۔
خیبرپختونخوا کے سیاحتی مقامات میں اس وقت بھی لاکھوں کی تعداد موجود ہیں, سیاحتی مقامات کی سیر کے لئے جانے والے سیاحوں کو ٹریفک کے مسائل کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے کالام،سوات کے نئے سیاحتی مقام گبین جبہ، مالم جبہ، ہزارہ ڈویژن کے سیاحتی مقام کاغان، ناران میں ٹریفک کی روانگی متاثر رہی جس کی وجہ سے سیاحوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
مردان سے تعلق رکھنے والے سید احمد خان اپنے دوستوں کے ساتھ عید کے تیسرے دن کالام سیر وتفریح کے لئے جارہے تھے سید احمد نے بتایا کہ جب وہ بحرین پہنچے تو آگے راستہ بند تھا گاڑیوں کی لمبی قطارے لگی تھی اور انتظامیہ بھی منظر سے غائب تھا کئی فیملیز کو دیکھا جو رش میں پھنس گئے تھے لوگ پیدل سفر پر مجبور ہوگئے تھے۔
سیاحوں نے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ سیاحتی مقامات میں ٹریفک کے مسائل حل کرنے کے لئے سنجیدہ اقدامات کئے جائے تاکہ سیاح اپنی منزل مقصود پر پہنچ کر ان لمحوں کو یادگار بنائے۔