قبائلی اضلاع

ضم اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کرانے کا مطالبہ

ٹرائبل یوتھ موومنٹ کے رہنماؤں نے ضم اضلاع میں فوری طور بلدیاتی انتخابات کرانے اور انضمام کے وقت حکومت کی جانب سے کئے گئے وعدے پورے کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

پاراچنار میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ٹرائبل یوتھ موومنٹ کے مرکزی رہنما ادریس خان، سید جمشید حسین، سمیر خان، شکیل منگل، عادل خان، سید اعجاز حسین اور دیگر رہنماؤں نے کہا کہ فاٹا انضمام کے نتیجے میں وہ ضم اضلاع کی ترقی چاہتے تھے مگر فاٹا انضمام کے وقت حکومت کی جانب سے جو وعدے کئے گئے تھے وہ پورے نہیں کئے گئے, قبائلی اضلاع کو نہ این ایف سی ایوارڈ میں حصہ دیا گیا اور نہ ہی دیگر وعدے پورے کئے گئے۔

رہنماؤں نے ضم اضلاع کو این ایف سی ایوارڈ میں حصہ دینے سالانہ سو ارب روپے دینے اور دیگر وعدے پورے کرنے کا مطالبہ کیا اور ساتھ ہی تھری جی فور جی کھولنے کا مطالبہ کیا۔

رہنماؤں نے قبائلی اضلاع کے پارلیمنٹیرینز سے قبائلی اضلاع کے مسائل کے حل کے لئے آواز اٹھانے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ ضم اضلاع میں فوری طور بلدیاتی الیکشن ناگزیر ہے جس کی روشنی میں قبائلی اضلاع کی تیز تر ترقی ہو گی۔

رہنماؤں نے آرمی چیف، وزیر اعظم، وزیر اعلی کے پی اور دیگر متعلقہ حکام سے قبائلی اضلاع کے عوام کو ان کو جائز حقوق دلانے اور حل طلب مسائل حل کرانے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ متعلقہ حکام قبائلی اضلاع کے عوام کے ساتھ کئے گئے مطالبات پورے کرانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button