باجوڑ میں خاتون نے شوہر کے قتل کا بدلہ لینے کے لئے قاتل سے شادی کرلی
قبائلی اضلاع میں مبینہ طور پر پہلی بار ایک خاتون کو گرفتار کرلیا گیا ہے جن کی جرم کی نوعیت بھی انوکھی ہے۔ باجوڑ سے تعلق رکھنے والی خاتون نے شوہر کے قتل کا بدلہ لینے کے لئے قاتل سے شادی کرکے انہیں قتل کر دیا۔
پولیس کے مطابق گزشتہ شب عنایت قلعہ کے قریب کشمیری بی بی نامی خاتون نے اپنے شوہر گلستان کو گولیاں مار کر قتل کیا تھا جبکہ اطلاع ملتے ہی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزمہ کو آلہ قتل سمیت گرفتار کرلیا۔
ملزمہ کشمیری بی بی نے پولیس کو بتایا کہ گلستان نامی شخص نے اس کے سابقہ شوہر شاہ زمین کو زہریلی انجکشن لگا کر قتل کیا تھا جس کےبعد انہوں نے شوہر کا بدلہ لینے کے لئے پہلے مقتول گلستان کے ساتھ دوستی اور بعد شادی کرلی۔
پولیس کے مطابق ملزمہ نے گلستان کو قتل کرنے کے لئے کرایہ کا گھر لیا تھا اور اپنی حفاظت کے لئے پستول خریدی تھی جس پر انہوں نے اپنے دوسرے شوہر کو گولیاں مار کر قتل کردیا۔
پولیس کا مزید کہنا ہے کہ فاٹا انضمام کے بعد ضم شدہ اضلاع میں یہ اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ ہے جس میں پولیس نے پہلی بار قتل کے الزام میں خاتون کو گرفتار کیا ہے۔