میٹرک کا پرچہ: الگ کمرہ، کتاب، نوٹس اور خصوصی مددگار
دس جولائی سے ضم اضلاع سمیت خیبر پختونخوا بھر میں میٹرک کے سالانہ امتحانات کا آغاز ہو چکا ہے جہاں کورونا کے ساتھ ساتھ طلباء کو بجلی کی شدید لوڈشیڈنگ کا بھی سامنا ہے تاہم لوئر دیر میں میٹرک کا امتحان دینے والے کنٹرولر ملاکنڈ بورڈ کے بیٹے کے لئے خصوصی انتظامات کا انکشاف ہوا ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو میں کنٹرولر امتحانات کے ثاقب نامی بیٹے کو ایک خصوصی مددگار کے ہمراہ الگ کمرے کتاب اور نوٹس کی موجودگی میں پرچہ حل کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ طالب علم ثاقب مدد گار سمیت بند دروازوں کے اندر نقل کر رہا ہے جبکہ سپرانٹنڈنٹ باہر گھوم رہے تھے۔
ویڈیو وائرل ہونے پر چیئرمین ملاکنڈ بورڈ نے کنٹرولر اور نقل پر اس کے بیٹے کے خلاف کاروائی کا فیصلہ کرتے ہوئے کنٹرولر کو امتحان جبکہ متعلقہ سپرانٹنڈنٹ کو ڈیوٹی سے الگ کر دیا جبکہ مزید کارروائی کے لئے ایک تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔