پشاور، ”کم عرصہ میں 3 لاکھ سے زائد عوامی شکایات حل”
پشاور: خدمات تک رسائی کے حوالے سے اور صوبائی محکموں کی کارکردگی کے اعتراف اور عوام کو بروقت خدمات فراہمی کی عرض سے خیبر پختونخوا رائٹ ٹو سروس کمیشن نے گزشتہ روز "پبلک سروس ڈے” کے نام سے ایک تقریب کا اہتمام کیا۔
تقریب میں وزیراعظم پاکستان کے معاون خصوصی برائے اسٹبلیشمنٹ ارباب شہزاد، رائٹ ٹو سروس کمیشن کے چیف کمشنر محمد سلیم خان، کمشنر ون محمد فہیم، کمشنر ٹو حضرت محسود میاں، سیکرٹری رائٹ ٹو سروس محمد روز خان، کمیشن کے سابقہ چیف کمشنرز عظمت حنیف اور مشتاق جدون کے علاوہ کمیشن کو تکنیکی معاونت فراہم کرنے والے ادارے جی آئی زیڈ کے عہدیدار اور دیگر متعلقہ افراد نے شرکت کی۔
تقریب کے دوران رائٹ ٹو سروس کمیشن (آر ٹی ایس) کی جانب سے خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں شہریوں کو خدمات فراہم کرنے والے محکموں کی بہترین کارکردگی کے اعتراف میں ایوارڈز دیئے گئے۔
تقریب کے شرکاء کو کمیشن کی کارکردگی کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے چیف کمشنر آر ٹی ایس محمد سلیم خان کا کہنا تھا کہ شہریوں کو معیاری اور فوری خدمات فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے، خدمات تک رسائی کو یقینی بنانے کے عرض سے 2014 میں ایک ایکٹ کے تحت آر ٹی ایس کمیشن کا قیام عمل میں لایا گیا، اس وقت کمیشن صرف 7 خدمات تک رسائی دے رہا تھا جبکہ اس وقت آر ٹی ایس 43 مختلف نوعیت کی خدمات تک رسائی مہیا کر رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی محکمے کی جانب سے شہریوں کو خدمات کی فراہمی میں کوتاہی کی صورت میں جہاں کمیشن متعلقہ اہلکاروں کے خلاف کارروائی عمل میں لاتا ہے وہی کمیشن عمدہ کارکردگی کی صورت محکمہ اور متعلقہ اہلکار کو تعریفی سند اور ایوارڈ بھی دیتا ہے، ”خیبر پختونخوا حکومت بہترین طرز حمکرانی قائم کرنے کے لئے کوشاں ہے، کم ہی عرصے میں کمیشن نے 3 لاکھ سے زائد عوامی شکایات کو بروقت حل کیا، صوبے کے تمام اضلاع میں آر ٹی ایس دفاتر یا نمائندگان موجود ہیں جو کہ ہر وقت شہریوں کی رہنمائی کے لئے موجود ہوتے ہیں۔
تقریب کے اختتام پر وزیر اعظم پاکستان کے معاون خصوصی ارباب شہزاد نے خیبر پختونخوا میں شہریوں کو فوری خدمات فراہم کرنے والے محکموں کے اہلکاروں میں ایوارڈز تقسیم کئے۔
اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ حکومت پر عوام کا اعتماد بحال ہو رہا ہے، گڈ گورننس اور شہریوں کی خدمات تک رسائی ہی کی بدولت عوام کا حکومت پر اعتماد مزید بہتر ہو سکتا ہے، تمام محکموں کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کو بروقت اور معیاری خدمات فراہم کریں۔
انہوں نے خیبر پختونخوا کے رائٹ ٹو سروس کمیشن کی کارکردگی کو سراہا اور پاکستان کے دوسرے صوبوں میں بھی رائٹ ٹو سروس کمیشن قائم کرنے کے لئے اقدامات اٹھانے کی یقین دہانی کرائی۔