جنوبی، شمالی وزیرستان میں مختلف حملوں میں پانچ سکیورٹی اہلکار جاں بحق، پانچ زخمی
جنوبی اور شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے حملوں پانچ سکیورٹی اہلکار جاں بحق جبکہ مزید پانچ زخمی ہوگئے ہیں۔
جنوبی وزیرستان میں واقعہ کے حوالے سے سکیورٹی زرایع کا کہنا ہے کہ گزشتہ شب علاقہ خیسورہ فقیر کلے میں ایف سی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں تین اہلکار جاں بحق جبکہ تین زخمی ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق دہشت گردوں نے گزشتہ شب تحصیل تیارزہ میں چھوٹے اور بڑے ہتھیاروں کی مدد سے ایف سی چیک پوسٹ پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں نائیک علی زار بیٹنی، لانس نائیک عاصم اور سپاہی بابر مہند موقع پر جاں بحق جبکہ سپاہی حضرت حسین، سپاہی سردار شاہ کنڈی اور سپاہی عمران زخمی ہوئے ہیں۔
دوسری جانب شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کے چیک پوسٹ پر افغانستان کی جانب سے فائرنگ کے نتیجے میں دو اہلکار جاں بحق جبکہ دو زخمی ہوگئے ہیں۔
سرکاری ذرائع کے مطابق تحصیل دتہ خیل کے علاقے خدرخیل میٹاخیل میں چیک پوسٹ پر گزشتہ شب سرحد پار سے فائرنگ کی گئی ہے جس سے چیک پوسٹ میں موجود حوالدار سلیم اور لانس نائیک پرویز موقع پر جاں بحق جبکہ حوالدار غیاث اور سپاہی رحمان زخمی ہوگئے ہیں۔
خیال رہے کہ قبائلی اضلاع میں أفغانستان کی جانب سے کالعدم تنظیم بسا اوقات ایسے حملے کرتی ہیں جن میں کئی واقعات میں سکیورٹی فورسز کے علاوہ عام لوگوں کو بھی جانی اور مالی نقصان پہنچتا ہے۔