ضلع ٹانک کے مکین صاف پانی کو ترس گئے
ضلع ٹانک کے رہائشی صاف پانی کی بوند بوند کو ترس گئے شہریوں نے پیر صابر شاہ بابا سے ٹانک پریس کلب تک پیدل مارچ کیا اور وہاں پر احتجاجی مظاہرہ کیا۔
ضلع ٹانک کے رہائشی دو ماہ سے پینے کے صاف پانی کے لیے ترس گئے، شنوائی نہ ہونے پر عوامی نیشنل پارٹی نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور تبدیلی سرکار کیخلاف نعرے بازی کی۔
مظایرین کا کہنا تھا کہ صاف پانی زندگی ہے مگر ٹانک کے مکین پینے کے صاف پانی کی سہولت سے محروم ہیں۔ علاقہ مکین کہتے ہیں کہ دو ماہ سے گھروں کو ٹینکر اور گدھا گاڑیوں پر پانی لارہے ہیں جس کی شکایت کے لیے انتظامیہ دفتر کے چکر کاٹ رہے ہیں مگر کوئی شنوائی نہیں ہورہی۔
علاقہ مکینوں کی جانب سے تبدیلی سرکار اور انتظامیہ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اور حکام کیخلاف شدید نعرے بازی بھی کی گئی۔ مکین کہتے ہیں اگر ان کا مسئلہ حل نہیں کیا گیا تو ٹانک اور جنوبی وزیرستان مین روڈ کو بلاک کرکے احتجاجی مظاہرہ کریں گے۔