بنوں میں طالبات گرمی اور لوڈشیڈنگ کے خلاف سڑکوں پرنکل آئیں
بنوں میں گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول دھرمہ خیل کی سینکڑوں طالبات اور استانیاں شدید گرمی اور لوڈشیڈنگ کیخلاف احتجاج پر نکل آئیں۔
اس سلسلے میں احتجاجی مظاہرین نے ہاتھوں میں پوسٹرز اٹھا رکھے تھے جس پر سکول میں سولر پلانٹ نصب کرنے کے ساتھ دیگر مطالبات کے حق میں نعرے درج تھے۔
اس حوالے سے سکول ہیڈ ماسٹر اور انچارج ای ڈی آئی نے میڈیا کو بتایا کہ سکول میں شدید گرمی سے بچنے کے لئے کوئی سہولت نہیں اور صبح بھی دو طالبات اور استانیوں کی گرمی کی وجہ سے حالت غیر ہوگئی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ اگر ایک سکول کے کئی کلاس رومز میں پنکھوں کی سہولت موجود نہیں تو دوسری جانب گرمی کی شدید لہر اور لوڈشیڈنگ نے جینا محال کردیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول دھرمہ خیل میں 400 طالبات زیر تعلیم ہے جبکہ سکولوں میں سولر پلانٹ نصب کرنے کے لئے سروے میں انہیں نظر انداز کیا گیا جس کی وجہ سے سکول کی طالبات اور اساتذہ کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
مظاہرین نے مزید کہا کہ ہم نے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن دفتر، پراجیکٹس منتظمین کے نوٹس میں یہ بات لائی ہے تاہم گزشتہ دو سالوں سے کوئی ہماری بات سننے کو تیار نہیں جبکہ ان کا مطالبہ ہے کہ گرمی سے بچنے کے لئے سکول میں سولر سسٹم نصب کیا جائے تاکہ طالبات کی پڑھائی متاثر ہونے سے بچ سکے۔
دوسری جانب خیبرپختونخوا حکومت نے گرمی میں پرائمری کے لیے سکول کاوقت صبح 7سے11بجے تک کردیا۔ صوبائی وزیر تعلیم شہرام ترکئی نے ٹوئٹر کے ذریعے بتایا کہ چھٹی کلاس سے لیکر 12 تک سکول ٹائمنگ 7سے بجے سے لے کر11:30 ہوگا۔ واضح رہے اس وقت خیبرپختونخوا میں شدید گرمی پڑرہی ہے اور محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ گرمی کی شدت کی یہ لہر آئندہ چند روز تک برقرار رہے گی۔