پی ایس ایل سکس: مزید چار کھلاڑیوں کو ویزے جاری
پاکستان سپر لیگ میں شرکت کے لیے مزید چار کھلاڑیوں کو ویزے جاری کردیے گئے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ویزے جاری کیے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ عمر امین، حماد اعظم، خالد عثمان اور آصف آفریدی کو ویزے مل گئے، پہلی دستیاب فلائٹ سے کھلاڑیوں کو ابوظبی پہنچانے کے انتظامات کیے جارہے ہیں۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ صرف ایک کرکٹر عمران رندھاوا کا ویزا تاحال جاری نہیں ہوا لہٰذا جیسے ہی ویزہ جاری ہوگا عمران رندھاوا کی بھی ابوظبی روانگی کو حتمی شکل دی جائے گی۔
واضح رہے کہ 9 جون کو لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے میچ سے پی ایس ایل کے ایکشن کا آغاز ہوگا اور لیگ کا فائنل 24 جون کو کھیلا جائے گا۔
کوالیفائر اور ایک ایلیمنیٹر سمیت 6 ڈبل ہیڈرز (ایک دن میں دو میچ) کھیلے جائیں گے، میچز پاکستانی وقت کے مطابق رات 9 بجے شروع ہوں گے جبکہ ڈبل ہیڈرز والے روز پہلا میچ شام6 بجے، دوسرا رات گیارہ بجے شروع ہوگا۔