دسویں اور بارہویں کے صرف تین پیپر لیے جائیں گے: شفقت محمود
وفاقی وزیر تعلیم و فنی تربیت شفقت محمود نے اعلان کیا ہے کہ رواں سال امتحانات لازمی ہوں گے جبکہ نویں اور دسویں کے صرف اختیاری مضامین کے پیپر لیے جائیں گے۔ بین الصوبائی وزرائے تعلیم کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں شفقت محمود کا کہنا تھاکہ وزرائے تعلیم کانفرنس میں جتنے فیصلے ہوئے تمام متفقہ ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ تعلیمی ادارے بند کرنا کسی حکومت کیلئے آسان نہیں، تعلیمی اداروں سے متعلق سب صوبوں کی مشاورت سے فیصلے کیے جبکہ وبا کی صورت میں تعلیمی اداروں کو کھولنے کا فیصلہ آسان نہیں ہوتا۔ شفقت محمود کا کہنا تھاکہ فیصلہ کیا ہے کہ اس سال امتحانات ضرور لینے ہیں۔
وزیرتعلیم نے اعلان کیا کہ 9 ویں اور دسویں جماعت کا امتحان اختیاری مضامین اور ریاضی میں ہوگا جبکہ گیارہویں اور بارہویں جماعت کا امتحان صرف اختیاری مضامین میں ہوگا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ امتحانات اب 24 جون کے بجائے 10 جولائی سے ہوں جبکہ پہلے انٹر اور پھر میٹرک کے پیپر ہوں گے۔ وزیرتعلیم کا کہنا تھاکہ بورڈ کو پرچوں میں وقفہ رکھنے کا بھی کہا ہے تاکہ بچوں کو تیاری کا مناسب وقت مل سکے۔
شفقت محمود نے نویں اور گیارہویں جماعتوں کیلئے بھی سکول اور کالجز کھولنے کا اعلان کیا۔ خیال رہے کہ اس سے قبل پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں 10 ویں اور بارہویں جماعتوں کیلئے اسکول کھول دیے گئے تھے۔
شفقت محمود کی پریس کانفرنس کے بعد صوبائی وزیر تعلیم شہرام ترکئی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ گریڈ 10 اور گریڈ 12 کے امتحانات 12 جولائی سے شروع ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ میٹرک اور انٹر انٹرمیڈیٹ کے امتحانات صرف الیکٹیو مضامین میں ہوں گے جبکہ گریڈ 9 اور گریڈ 10 میں الیکٹیو مضامین کے ساتھ میتھس کا پرچہ بھی لازمی دینا ہوگا۔
وزیرتعلیم نے کہا کہ طلباء کو صرف پرچے دینے ہوں گے میٹرک اور انٹرمیڈیٹ دونوں میں کوئی پریکٹیکل امتحان نہیں ہوگا گریڈ 10 اور گریڈ 12 کے پرچے ختم ہونے کے بعد گریڈ 9 اور گریڈ 11 کے امتحانات شروع ہوں گے۔
انہوں نے بتایا کہ امتحانات کی تیاری کے لیے لیے کل تین جون سے گریڈ 9 اور گریٹ 11 کے لئے پورے صوبے کے سکول کھول دیے جارہے ہیں۔