چترال میں رابطہ پل ٹوٹنے سے گاڑی دریا میں گر گئی، آٹھ افراد لاپتہ
اپر چترال کے دور افتادہ وادی یار خون میں گاڑی دریا میں گرنے سے آٹھ افراد لاپتہ ہوگئے ہیں جن میں خواتین بھی شامل ہیں۔
مقامی زرایع کے مطابق ضلع اپر چترال کے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کے مطابق ایک لینڈ کروز گاڑی چترال سے یارخون لشٹ جارہی تھی لیکن اناوچ کے مقام پر لکڑیوں کے بنے رابطہ پل پر سے گزرنے کے وقت پل کے ٹوٹنے سے یار خون لشٹ دریا میں گر گئی جس کے نتیجے میں دو خواتین سمیت دس افراد گاڑی سمیت دریا برد ہوئے۔
تاہم دو افراد نے تیرتے ہوئے اپنی جانیں بچا لیں جن کو قریبی ہسپتال علاج کیلئے لایا گیا مگر آٹھ افراد تاحال لاپتہ ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔
لاپتہ افراد میں اسرار احمد سکنہ یخدان، زوجہ شہزاد احمد آف یخدان،اعجاز ولی آف یوشکسٹ،دیدار الدین آف کند، زوجہ دیدار الدین، سلطان مومن اباد شوت،آفتاب احمد سکنہ شوت، امید نبی لشٹ یارخون اور ڈرائیور مغل آف دورزو شامل ہیں
واضح رہے کہ چترال کے دونوں اضلاع میں سڑکوں کی حالات نہایت خراب ہیں جو آئے روز حادثات کے باعث بنتے ہیں۔
اس کے علاوہ چترال چونکہ پہاڑی علاقہ ہے یہی وجہ ہے کہ یہاں زیادہ تر سڑکیں پہاڑ کے دامن میں دریا کے کنارے گزرتے ہیں مگر بدقسمتی سے سڑک کے کنارے دریا کی جانب کوئی حفاظتی دیوار یا جنگلہ نہ ہونے کی وجہ سے بسا اوقات دریا میں گر جاتے ہیں۔ مقامی لوگ صوبائی اور وفاقی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ چترال کے دونوں اضلاع میں سڑکوں کی حالت بہتر بنائی جائے تاکہ لوگ آئے روز حادثات کا شکار نہ ہو۔