قومی

میٹرک, انٹر امتحانات کے لئے تاریخوں کا اعلان، تمام اساتذہ کے لئے ویکسینیشن لازم قرار

پاکستان میں کورونا سے نمٹنے والے ادارے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے تدریسی عملے کے لئے ویکسین لازمی قرار دے دی ہے، ادارے نے میٹرک اور انٹر کے امتحانات بھی 23 جون سے 29 جولائی تک منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کی زیر صدارت نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) برائے انسداد کورونا کے اجلاس میں ملک بھر میں کورونا سے متعلق صورتحال پر اطمینان جبکہ سندھ میں بڑھتے کیسز پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔

این سی او سی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ میٹرک اور انٹر کے امتحانات 23 جون سے 29 جولائی تک ہوں گے، امتحانات سے قبل صوبے 31 مئی سے کلاسز شروع کرسکتے ہیں، کلاسز کورونا ایس او پیز کے ساتھ متبادل دنوں میں لی جاسکتی ہیں۔

این سی او سی نے اساتذہ اور تعلیمی اداروں کےعملے کےلیے ویکسینیشن لازمی قرار دے دی ہے، اساتذہ اور تعلیمی اداروں کا عملہ کورونا ویکسینیشن 10 جون تک مکمل کروائے، اساتذہ، 18 سال سےزائد عمرکےتعلیمی اسٹاف کےلیے واک ان ویکسینیشن کھول دی گئی، وہ قریبی مرکز صحت جائیں اور ویکسین لگوالیں۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ متحدہ عرب امارات سے آنےو الےمسافروں کےصرف مجاز لیباریٹریز سے کرائے گئے ٹیسٹ قابل قبول ہوں گے، غیرمجاز لیبارٹریز کے ٹیسٹ والےمسافر کو بٹھانے پر ائیرلائن کو جرمانہ کیا جائے گا۔

اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ پاکستان پہنچنے پر مسافروں کا دوبارہ کورونا ٹیسٹ ہوگا، ٹیسٹ مثبت آنے پر متاثرہ شخص کو قرنطینہ میں بھیجا جائے گا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 50 سال سے زائد عمر کے کسی بھی سیاح کو ویکسینیشن سرٹیفیکیٹ کے بغیر ہوٹل میں رہنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

30 سال یا اس سے زائد عمرکے سیاحوں کےلیے بھی ہوٹل میں قیام کےلیے ویکسینیشن سرٹیفکیٹ لازمی قرار دیا گیا ہے۔

30 سال یا اس سے زائد عمرکے سیاحوں کےلیے ہوٹل میں قیام کےلیے سرٹیفکیٹ کا اطلاق یکم جولائی سے ہو گا۔

این سی او سی نے کورونا کے کم شرح والے اضلاع میں پارک، واٹرپارک، سوئمنگ پولز کھولنےکی اجازت دے دی ہے، پارکس میں مجموعی صلاحیت کے 50 فیصد تک لوگوں کو آنےکی اجازت ہو گی۔

 

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button