خیبر پختونخوا

عاطف خان کی واپسی، صوبائی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی مقرر

تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے صوبائی اسمبلی کے رکن عاطف خان کی صوبائی کابینہ میں واپسی ہوئی ہے اور انہیں سائنس و ٹیکنالوجی کی وزارت تفویض کر دی گئی ہے۔

محکمہ انتظامی امور کی جانب سے جاری علامیہ میں کہا گیا ہے کہ فضل شکور کو صوبائی وزیر قانون کا قلمدان دیا گیا ہے جبکہ وزیر اعلیٰ محمود خان کیخلاف ممبران اسمبلی پر مشتمل ایک باغی گروپ تشکیل دینے کے الزام میں کابینہ سے نکالے گئے عاطف خان کو دو وزارتیں دے دی گئی ہیں۔ اعلامیے کے مطابق عاطف خان کو خوراک اورسائنس وٹیکنالوجی کی وزارت تفویض کر دی گئی ہے۔

خیال رہے کہ کوہاٹ سے ممبر صوبائی اسمبلی ضیاء اللہ بنگش نے چند ہفتے پہلے سائنس و ٹیکنالوجی کی وزارت سے استعفیٰ دیا تھا جبکہ قلند لودھی کو خوارک کی وزارت سے ہٹا دیا گیا تھا۔

اعلامیے کے مطابق وزیر اعلیٰ محمود خان کیخلاف بغاوت میں عاطف خان کا ساتھ دینے والے شکیل احمد خان کو پبلک ہیلتھ کے وزیر مقرر کیا گیا ہے جبکہ خلیق الرحمان ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے مشیر کی ذمہ داریاں نبھائیں گے، تاج محمد ترند کو معاون خصوصی برائے توانائی مقرر کیا گیا ہے۔

اسی طرح شفیع اللہ خان معاون خصوصی برائےجیل خانہ جات مقرر کئے گئے ہیں۔

یاد رہے کہ وزیر اعلیٰ محمود خان کے خلاف بغاوت کرنے پر گزشتہ برس جنوری میں عاطف خان کو کابینہ سے فارغ کیا گیا تھا۔

دو ماہ قبل دورہ پشاور کے موقع پر وزیر اعظم نے وزیراعلیٰ کے پی محمود خان اور گورنر شاہ سلمان اور عاطف خان میں صلح کرائی تھی، جس کے بعد وزیراعظم نے عاطف خان کو کابینہ میں واپسی کا عندیہ بھی دیا تھا۔

گذشتہ ماہ خیبر پختونخوا کابینہ میں توسیع کی گئی تھی، سادہ اور پروقار تقریب میں گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان نے اراکین صوبائی اسمبلی عاطف خان، شکیل خان، فضل شکور اور فیصل امین گنڈا پور سےحلف لیا، چاروں ارکان کو وزیراعظم عمران خان کی منظوری کے بعد کابینہ میں شامل کیا گیا تھا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button