کورونا ویکسین، سعودیہ کی نئی شرط نے مسافروں کو مشکل میں ڈال دیا
سعودی عرب کی کورونا ویکسین سے متعلق نئی شرط نے پاکستانی مسافروں کو مشکل میں ڈال دیا ہے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق سعودی حکومت کی تجویز کردہ ویکسین میں چین کی تیار کردہ ویکسین شامل نہیں، سعودی عرب کی جانب سے فائزر ، آکسفورڈ، موڈرنا اور جانسن اینڈ جانسن کی کورونا ویکسین تجویز کی گئی ہیں۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق تجویز کردہ ویکسین نہ لگوانے والے مسافروں کے لیے قرنطینہ لازمی ہو گا جس کے اخراجات مسافر کو خود ادا کرنا ہوں گے اور تجویز کردہ شرائط پر عمل درآمد رواں ماہ 20 مئی سے ہو گا۔
خیال رہے کہ پاکستان میں زیادہ تر افراد کو چین کی تیار کردہ کورونا ویکسین لگائی جا رہی ہے جس کے باعث پاکستانیوں کو سعودی عرب جانے میں بڑی مشکلات کا سامنا ہے۔
خیال رہے کہ سعودی عرب نے رواں سال زائرین کی صحت و سلامتی کے مکمل انتظامات کے ساتھ حج کرانے کا اعلان کیا ہے۔
وزارت حج و عمرہ نے اتوار کو ایک بیان میں کہا تھا کہ حج کے آپریشنل امور اور تفصیلات کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
قبل ازیں اطلاعات یہ تھیں کہ سعودی عرب کورونا وائرس کی صورتحال کے پیش نظر مسلسل دوسرے سال بھی غیرملکی عازمین کی حج ادائیگی پر پابندی لگانے پر غور کر رہا ہے۔