سیکرٹری جنرل نیشنل پریس کلب بنوں کی گرفتاری، اصل معاملہ کیا ہے؟
بنوں، ایس او پیز کو بہانہ بنا کر تاجروں کی پریس کانفرنس کو کوریج دینے پر نیشنل پریس کلب کے فنانس سیکرٹری اور جی این این ٹی وی کے نمائندے ہدایت اللہ کو گرفتار کر کے جیل بھیج دیا گیا۔
صحافی کی گرفتاری کے خلاف صحافی تنظیموں کا مشترکہ اجلاس زیر صدارت صدر نیشنل پریس کلب (رجسٹرڈ) بنوں گوہر وزیر منعقد ہوا جس میں نیشنل پریس کلب کے عہدیداروں اور مختلف تنظیموں کے صحافیوں نے ہدایت اللہ کی گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ تاجروں سمیت عوام کی آواز حکومت اور ضلعی انتظامیہ تک پہنچانا صحافیوں کی ذمہ داری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ تاجر رہنماءوں نے چینی سمگلنگ سکینڈل کے حوالے سے پریس کانفرنس کے دوران ایس ایو پیز کے حوالے سے جو بیان دیا اس کو بنیاد بنا کر اسسٹنٹ کمشنر بنوں ڈاکٹر طیب حیات کی مدعیت میں مقامی تاجر اور صحافی کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا جس کی ہم مذمت کرتے ہیں کیونکہ اس بیان سے صحافی کا کوئی تعلق نہیں، تاجر اور سیاستدان ہمیشہ اپنے مطالبات کے حوالے سے کبھی پولیو مہم کے بائیکاٹ کی دھمکی دیتے ہیں کبھی لاک ڈاؤن میں ہڑتال کی دھمکی دیتے ہیں جس کی کوریج صحافی روزنامہ کی بنیاد پر کرتے ہیں لیکن کبھی کسی صحافی کو اس طرح گرفتار نہیں کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ اگر یہی سلسلہ جاری رہا تو صحافی پریس کلب کو تالے لگانے اور صرف حکومت اور ضلعی انتظامیہ کی خبریں شائع کرنے پر مجبور ہو جائیں گے اور آزادی صحافت کے نعرے جھوٹ ثابت ہو جائیں گے۔
اجلاس میں تاجر رہنماؤں اور سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے بھی شرکت کی اور فیصلہ کیا گیا کہ سوموار کو عدالتی پیشی کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔