خبیرپختونخوا اپنے روایتی کھانوں کی وجہ سے ملک بھر میں مشہور ہے ہر علاقہ اپنے لذیذ اور منفرد پکوان رکھتا ہے، جیسا کہ پشاور کے چپلی کباب، مردان کے پیڑے، اور چارسدہ کے موٹے چاول۔ خوشی غمی کا موقع ہو چاہے شادی بیاہ کی تقریب ہو یا خاص تہوار ہو اورموٹے چاول نہ ہوں ایسا تصوربھی نہیں جاسکتا۔ تقاریب میں چاہے منفرد اقسام کے بہترین پکوان ہی کیوں نہ پکے ہوں آئے ہوئے مہمان ضرور یہ پوچھتے ہیں موٹے چاول کیوں نہیں بنائے ؟
موٹے چاول کو پشتو میں ’’غٹی روجے‘‘ کہتے ہیں۔ ان چاولوں میں بڑا گوشت وافر مقدار میں ڈالا جاتا ہے اور اس میں ثابت مونگ کی دال بهی ڈالی جاتی ہے۔
یہ حلیم کی طرح لیسدار ہوتے ہیں موٹے چاول بہت سے طریقوں سے بنتے ہیں کچھ لوگوں کو میں نے سالن میں بناتے ہوے دیکھا ہے تو کچھ آلو کے ساتھ بناتے ہیں مگردیکھا جائے تو سب سے زیادہ مقبول اور پسند کیے جانے والے وہ چاول ہے جن کو گوشت میں بنایا جاتا ہے۔ گھر آئے مہمانوں کے سامنے یہ سوغات رکھ دی جائے تو وہ دوسری پلیٹ مانگے بنا نہیں رہ سکتے۔
آئیں آج ہم آپکو ضلع کرم کے موٹے چاول بنانے کا ترکیب سکھاتے ہیں لیکن اس کے لیے چاول اچھے کوالٹی کے ہونے چاہیئے۔
بنانے کی ترکیب
سب سے پہلے ہم دیگچی کے نیچے آگ جلائیں گے. موٹے چاولوں کو تیار کرنے کیلئے ہمیں ایک کلو چاول اور آدکلو مونگ کی دال کے ساتھ بڑا گوشت بھی چاہیے ہمیں یہ بات ذہن میں یاد رکھنی چاہیے کہ ہم اگر ایک کلو چاول پکائیں گے تو اس میں آدھا کلو مونگ ڈالیں گے اور ساتھ ہی حسب ضرورت نمک ڈالیں گے ،نمک ڈالنے کی کچھ دیر بعد باری باری باقی تمام مصالحہ جات ڈالے جاتے ہیں جن میں لال مرچ ، ہانڈی کا مصالحہ ،گرم مصالحہ ،ہلدی اور اچار گوشت بھی شامل ہیں۔
پھر اس کے بعد دیگچی میں اتنا پانی ڈالیں کہ مونگ اچھی طرح پک جاۓ ساتھ ہی ساتھ ہمیں اس بات کا خیال بھی رکھنا چاہیئے کہ چاول کا دانہ نیا ہو تو پکانے کے دوران زیادہ پانی کی ضرورت نہیں ہوتی جب مونگ اور گوشت پک جائےتو ہم اس میں چاول ڈال دیں گے پھراس کو چمچے سے اچھی طرح ہلائیں گے تاکہ دونوں اچھی طرح مکس ہو جائیں اور اس دوران آنچ کو تھوڑا تیز رکھنا ہوگا اورچمچیے کو مسلسل ہلانا ہوگا ساتھ ہی اس بات کا خیال بھی رکھنا ہوگا کہ چاول جل نہ جائے۔
جب چاولوں میں اچھی طرح ابال اجائے اور ایسا لگے کہ گوشت اچھی طرح نرم ہوگیا ہے اور چاولوں کے ساتھ مل گیا ہےتو آنچ کو آہستہ کرکے چاولوں کو پانچ منٹ تک دم پہ رکھ لے اور پھر ایک برتن میں نکال کر سب کے ساتھ مزے سے بیٹھ کر نوش فرمائیں۔