دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک میں بیڈمنٹن ہال کی تعمیر مکمل
نوشہرہ دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک میں بیڈمنٹن ہال کی تعمیر مکمل ہوگئی۔ اس سکیم کو کھیلوں کے ایک ہزار سہولیات منصوبے میں شامل کیا گیا تھا مدرسے میں پڑھنے والے ہزاروں طلباء کی سہولت کیلئے ضلع نوشہرہ میں سپورٹس ڈائریکٹریٹ خیبر پختونخوا کا یہ پہلا منصوبہ تھا جو ابتدائی چھ ماہ میں شروع کیا گیا تھا جو اب تقریبا مکمل ہو چکا ہے۔
”مدارس ہمارے معاشرے کا اہم حصہ ہے اور کھیلوں کی ایک ہزار سہولیات منصوبے میں تاریخی اہمیت کے حامل اکوڑہ خٹک میں بیڈمنٹن ہال کی تعمیر اس منصوبے کی تکمیل ہے جس میں وزیراعلی خیبر پختونخوا دلچسپی لے رہے ہیں”۔ ان خیالات کا اظہار پراجیکٹ ڈائریکٹر مراد علی مہمند نے اکوڑہ خٹک میں واقع دارالعلوم حقانیہ میں بیڈمنٹن ہال کی تعمیر سے متعلق سوال کے جواب میں کیا۔
انہوں نے کہاکہ دوسرے تعلیمی اداروں کی طرح مدارس بھی تعلیم کی روشنی پھیلانے میں اہم کردار ادا کررہی ہیں اور ان مدارس میں پڑھنے والے بچوں کو قومی دھارے میں لانے سمیت انہیں غیر نصابی سرگرمیوں میں شامل کرنے کیلئے بیڈمنٹن ہال کھیلوں کے ایک ہزار سہولیات منصوبے کے ابتدائی چھ ماہ میں اس بیڈمنٹن ہال کو شامل کیا گیا تھا جو اب مکمل ہو گیا ہے۔
مراد علی مہمند نے مزید بتایا کہ سیکرٹری سپورٹس عابد مجید اور ڈائریکٹر جنرل سپورٹس ڈائریکٹریٹ اسفندیار خٹک نے مستقبل میں بھی مدارس میں کھیلوں کی سرگرمیاں شروع کرنے کیلئے ایسے ہی منصوبے ترجیحی بنیادوں پر شامل کرنے کی ہدایت کی ہے اور ہم مستقبل میں بھی کھیلوں کی ایک ہزار سہولیات منصوبے میں مدارس پر خصوصی توجہ دینگے۔