جمرود میں خواتین کا حرمت رسول ﷺ کے حق میں احتجاجی مظاہرہ
ضلع خیبر کے تحصیل جمرود میں پہلی بار خواتین حرمت رسول ص کے حق میں احتجاج کرتے ہوئے سڑکوں پر آگئیں۔
اس سلسلے میں آج ضلع خیبر کے خواتین کا خصور ﷺ کی شان میں گستاخانہ خاکوں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ ہوا جس میں کثیر تعداد میں خواتین نے شرکت کی۔
اس موقع پر مظاہرین نے پاک افغان شاہراہ پر رکاوٹیں کھڑی کرکے روڈ کو ہر قسم ٹریفک کے لئے بند کردیا جس کی وجہ سے پاک افغان شاہراہ پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں اور مسافروں کو آمد ورفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
خواتین مظاہرین کا کہنا تھا کہ حضور ﷺ کی شان میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت قابل مذمت ہے اور خواتین کی طرح مرد بھی احتجاج کرکے حضور ﷺ سے محبت کا اظہار کریں۔ تاہم خواتین کا مطالبہ تھا کہ فرانس کے سفیر کو ملک بدر کیا جائے۔
واضح رہے کہ گزشتہ کئی روز سے کالعدم تحریک لبیک پاکستان ( ٹی ایل پی ) کے کارکن بھی حرمت رسول ﷺ کے حق میں پر تشدد احتجاج مظاہرے کر رہے ہیں جبکہ گزشتہ روز لاہور میں کالعدم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کیخلاف آپریشن کے دوران ٹی ایل پی کے متعدد کارکن جاں بحق اور زخمی ہوئے تھے۔