صوبائی حکومت کا 19 اپریل سے ایس او پیز کے تحت ہائی سکول کھولنے کا فیصلہ
پشاور: خیبر پختوننخوا حکومت نے اگلے مہینے بورڈ امتحانات کے پیش نظر پیر 19 اپریل سے نویں، دسویں، گیارہویں اور بارہویں کی کلاسز کیلئے ایس او پیز کے تحت تعلیمی ادارے کھولنے کا فیصلہ کر لیا۔
اس حوالے سے جاری اپنے ایک بیان میں صوبائی وزیر تعلیم شہرام خان ترکئی کا کہنا تھا کہ طلباء مرحلہ وار طریقے سے کلاسز میں آئیں گے تاکہ زیادہ رش نہ ہو اور ایس او پیز پر بھی عمل ہو سکے۔
بیان میں کہا گیا کہ یہ فیصلہ وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان کی زیرصدارت صوبائی ٹاسک فورس برائے انسداد کورونا کے اجلاس میں کیا گیا۔
صوبائی وزیر تعلیم کے مطابق پورے صوبے میں میٹرک امتحانات 21 مئی اور انٹر کے امتحانات 17 جون کو ایس او پیز کے ساتھ منعقد کئے جائیں گے، کورونا سے متاثرہ اضلاع میں جماعت اول سے آٹھویں تک کی کلاسز عید تک بند رہیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ جن اضلاع میں سکول کھلے ہیں وہاں ایس او پیز پر سحتی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔
یاد رہے کہ 24 مارچ کو نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے ملک کے بعض اضلاع میں 11 اپریل تک تعلیمی ادارے بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔
این سی او سی کے اجلاس کے بعد وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ ایسے اضلاع جہاں کورونا کے کیسز کی شرح زیادہ ہے وہاں تعلیمی ادارے 11 اپریل تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
تاہم بعدازاں 6 اپریل کو این سی او سی نے ملک بھر میں کورونا سے متاثرہ اضلاع میں ایک سے آٹھویں جماعت تک کے لیے 28 اپریل تک سکولوں کو بند رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔