ابرار الحق کا قبائلی عوام کے مسائل گانے کے ذریعے اجاگر کرنے کا اعلان
ہلال احمر کے چیئرمین ابرار الحق نے آج پشاور کا دورہ کیا، دورہ کے موقع پر انہوں نے قبائلی عوام میں پانی کو صاف کرنے کیلئے کٹس تقسیم کئے۔
اس موقع پر میڈیا کے ساتھ گفتگو میں چیئرین ہلال احمر کا کہنا تھا کہ اب تک 5500 قبائلی عوام میں کٹس تقسیم کر چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مضافاتی علاقوں کے عوام کی خدمت کے جذبے کے تحت اپنی تنظیم بنائی ہے، قبائلی علاقوں میں تعمیر نو کے عمل کو آگے بڑھانے کی ضرورت ہے، مضافاتی علاقوں میں عوامی خدمت پر توجہ کی ضرورت ہے، حالات سے مایوس نہیں ہونا ہے۔
اس موقع پر ابرار الحق نے قبائلی عوام کے مسائل گانے کے ذریعے اجاگر کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پشتو میں گانا گانا پسند کروں گا، مقامی سنگر سے درخواست ہے کہ آکر میرے ساتھ پشتو گانا گائے۔
دوسری جانب چئیرمین ہلال احمر برائے قبائلی اضلاع آصف خان محسود کا اس موقع پر کہنا تھا کہ قبائلی عوام کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنا اولین ترجیح ہے، کٹس کے ذریعے قبائلی عوام کو صاف پینے کا پانی میسر ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ فاٹا کا انضمام تو ہو گیا لیکن مراعات تاحال نہ مل سکیں، قبائلی عوام کے صحت اور تعلیم کے اہم مسائل توجہ کے منتظر ہیں۔