ِ”صحافی وسیم عالم کے قاتلوں کو گرفتار، ورثاء کو شہید پیکج دیا جائے”
کرک پریس کلب نے مقامی صحافی وسیم عالم کے قاتل/قاتلوں کی فوری گرفتاری اور مقتول کے ورثاء کو شہدا پیکج دینے کا مطالبہ کر دیا۔
گذشتہ روز شب وسیم عالم کے ناملعوم ملزمان کے ہاتھوں قتل کے بعد خالد خٹک کی صدارت میں کرک پریس کلب کا ایک ہنگامی اجلاس بلایا گیا، اجلاس میں متفقہ طور پر ایک قرارداد منظور کی گئی جس میں اس واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی اور یہ مطالبہ کیا گیا کہ وسیم عالم شہید کے قاتلوں کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے اور قانون کے مطابق سخت سے سخت سزا دی جائے۔
قرارداد میں مقتول کے ورثاء کو شہداء پیکج دینے کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ وسیم عالم کو گذشتہ روز میٹھاخیل نامی علاقے میں نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا جبکہ وہ فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
مقتول وسیم عالم مقامی اخبار صدائے لواغر کے جائنٹ ایڈیٹر تھے، پولیس ملزمان کی تلاش میں ہے، یہ اطلاع ضرور ملی تاہم وقوعہ کے حوالے سے باقاعدہ ایف آئی آر کے اندراج سمیت کسی قسم کی کارروائی کی تفصیلات تاحال سامنے نہیں آئی ہیں۔
دوسری جانب اس سے بھی زیادہ حیرت انگیز بلکہ باعث افسوس امر یہ بھی ہے کہ ٹی این این، کرک پریس کلب اور ٹوئٹر پر ایک ٹویٹ کے علاوہ رات گئے تک ملک کے کسی بھی بڑے میڈیا گروپ کے یا دیگر آن لائن ویب سائٹ پر اس واقعہ کو رپورٹ نہیں کیا گیا تھا۔