کمراٹ اور کلکوٹ کے درمیان ایری گیشن واٹر چینل تنازعہ پر مذاکرات کامیاب
کالام اتروڑ عمائدین اور وادی کمراٹ اور کلکوٹ کے درمیان ایریگیشن واٹر چینل تنازعے پرمذاکرات کامیاب ہو گئے ‘جرگہ میں دونوں فریقین کی جانب سے ایک دوسرے کے خلاف کارروائی نہ کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی۔
منگل کے روز تھل جون کے مقام پر ایک جرگہ منعقد ہوا جس میں کالام اتروڑ اشو سے تعلق رکھنے والے عمائدین ملک غزن خان ملک حبیب اللہ ملک دلدر حسین ملک زرین ملک امیر نے وادی کمراٹ تھل لاموتی اور کلکوٹ سے شرکت کرنے والے مشران ملک گل شیر‘ملک جہانزیب ملک سلطان ملک ساز اکبر ملک گل نواز ملک عالمگیر ملک محمد زرین ملک مصل خان ملک عبدالروف اور ملک حنیف کے ساتھ تھل سے کلکوٹ تک بننے والے نہر کے تنازع پر کامیاب مذاکرات کئے جس میں طے پایا کہ موجودہ نہر برقرار رہے گی تاہم اتفاق رائے کے بغیر نہرکی کشادگی نہیں ہو گی تنازعہ کی وجہ سے ہونے والے نقصانات کا فریقین ازالہ کریں گے۔
ملک گل نواز خان کے مطابق تصفیہ ہونے کے باوجود وادی کمراٹ تھل کے لوگ نقصان نہ پہنچانے کی یقین دہانی تک کلکوٹ کا راستہ استعمال کرنے سے خوف زدہ ہیں اور اپنی مدد آپ کے تحت کالام سڑک سے باڈگوی ٹاپ تک 10فٹ برف ہٹا کر روڈ کوصاف کیا ان کا کہنا ہے کہ اگر ہمیں تحفظ کی فراہمی اور نقصانات کا ازالہ نہ کیا گیا تو مجبوراً کالام سے اپنی ضروریات پوری کرینگے۔ ادھر جرگہ میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ آئندہ ایک دوسرے کے ساتھ بھائیوں کی طرح رہیں گے۔