باجوڑ، کورونا کی تیسری لہر کے دوران 7 افراد جاں بحق
باجوڑ میں کورونا کی تیسرے لہر کے دوران اب تک 7 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ ضلع میں کورونا وائرس کے 19 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔
ڈسٹرکٹ پبلک ہیلتھ کوآرڈنیٹر باجوڑ ڈاکٹر شفیق کے مطابق کورونا کے 14 مریض صحت یاب ہونے کے بعد فعال کیسز کی تعداد 184 ہو گئی، باجوڑ میں کورونا کی تیسری لہر کے دوران اب تک 7 افراد کورونا سے جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ ایک سال کے دوران کورونا سے اب تک 40 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ باجوڑ میں ایک سال کے دوران 1257 افراد کورونا وائرس کا شکار ہوئے جن میں 1035 دوبارہ صحت یاب ہو گئے ہیں، ضلع میں مثبت کیسز کی شرح 15.7 فیصد ہے۔
واضح رہے کہ خیبر پختونخوا میں آج کورونا وائرس سے ایک اور ڈاکٹر جاں بحق ہوا ہے جس کے بعد صوبے میں کورونا سے شہید ڈاکٹروں کی تعداد 51 ہو گئی ہے۔
دوسری جانب ملک میں کورونا سے مزید 43 افراد انتقال کر گئے جبکہ 4300 سے زائد کیسز بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔
پاکستان میں کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 43362 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 4323 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ وائرس سے 43 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔