شمالی وزیرستان سیاسی اتحاد کا جانی خیل دھرنے کی حمایت کا اعلان
شمالی وزیرستان سیاسی اتحاد نے بنوں کے علاقہ جانی خیل میں 4 افراد کے قتل کے خلاف جاری دھرنے کی حمایت کا اعلان کر دیا.
اُنہوں نے پیش آنے والے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حکومت وقت سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا، میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے نومنتخب چیئرمین ملک لیاقت علی وزیر، جنرل سیکرٹری عبدالخلیل، ملک اکبر خان، مولانا رشید اللہ، ملک اصغر، ملک امشاد اللہ، رضوان اللہ، فصیح اللہ و دیگر نے کہا کہ معصوم نوجوانوں کو بے دردی سے قتل کرنا کہاں کا انصاف ہے، امن و امان کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے، امن و امان نہ ہو تو ترقی کا خواب ادھورا ہے۔
شمالی وزیرستان سیاسی اتحاد نے حکومت سے تحقیقات کا مطالبہ کیا اور کہا کہ ہم اس دکھ و درد میں پسماندگان کے ساتھ برابر کے شریک ہیں۔
واضح رہے کہ آج عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری مالیات اور رکن سینیٹ آف پاکستان حاجی ہدایت اللہ خان نے بھی جانی خیل واقعے کے خلاف تحریک التوا سینیٹ میں جمع کرائی ہے۔
تحریک التوا میں کہا گیا ہے کہ بنوں جانی خیل میں چار لاپتہ معصوم نابالغ بچوں کی تشدد زدہ لاشوں کا ملنا پورے ملک اور قوم کے لئے انتہائی تشویشناک سانحہ ہے۔
تحریک التوا میں یہ مطالبہ کیا گیا ہے کہ ایوان بالا کی معمول کی کارروائی کو روک کر جانی خیل واقعے کو زیر بحث لایا جائے۔