خیبر پختونخوا

نوشہرہ، ملزم نے گھر میں گھس کر تبلیغی جماعت کے رکن کو قتل کر دیا

نوشہرہ، مانکی شریف میں تبلیغی جماعت کے رکن کو فائرنگ کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا گیا جبکہ شیدو (اکوڑہ خٹک ) میں جی ٹی روڈ پر پیدل روڈ عبور کرنے والی بزرگ خاتون کو موٹرکار نے کچل دیا، لاوارث بزرگ خاتون ڈسٹرکٹ ہیڈکواٹر ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گئی۔

تھانہ نوشہرہ کلاں کے ایس ایچ او کے مطابق نوشہرہ کے علاقے مانکی شریف محلہ حاجی آباد میں مسجد کا راستہ بند کرنے سے منع کرنے پر مسلح ملزم نے گھر میں گھس کر تبلیغی جماعت کے رکن کو اندھا دھند فائرنگ کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا۔

پولیس کے مطابق تبلیغی جماعت کے رکن 38 سالہ میاں واحد ہسپتال منتقلی کے دوران زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گیا۔

قاضی حسین احمد میڈئکل کمپلکس نوشہرہ میں پوسٹ مارٹم کے بعد نعش ورثا کے حوالے کر دی گئی، ملزم ارتکاب جرم کے بعد فرار ہونے میں کامیاب، اہل علاقہ نے واقعہ پر شدید احتجاج کیا ہے۔

دوسری جانب تھانہ اکوڑہ خٹک کی پولیس کا کہنا ہے کہ نامعلوم موٹرکار کی ٹکر سے نامعلوم بزرگ خاتون جاں بحق ہو گئی ،ڈسٹرکٹ ہیڈکواٹر ہسپتال نوشہرہ میں پوسٹ مارٹم کے بعد بزرگ خاتون کی نعش امانتاً تدفین کر دی گئی جبکہ دونوں واقعات کے الگ الگ مقدمات درج کر لئے گئے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button