خیبر پختونخوا

مہ جبین، اباسین یوسفزئی سمیت صوبے کی دس شخصیات کو سول ایوارڈز سے نوازا گیا

گورنرخیبر پختونخوا شاہ فرمان نے صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان ڈاکٹرعارف علوی کی جانب سے اباسین یوسفزئی، فیاض خیشکی اور مہ جبینقزلباش (مرحومہ) سمیت صوبے کی 10 شخصیات کو اپنے متعلقہ شعبوں میں مثالی خدمات سرانجام دینے پر صدارتی سول اعزازات سے نوازا۔

منگل کے روز گورنر ہاؤس پشاور میں یوم پاکستان 23 مارچ پر منعقدہ ایک پروقار تقریب میں گورنر شاہ فرمان نے پروفیسر ڈاکٹر رئیسہ بیگم گل کو شعبہ تعلیم و نرسنگ، پروفیسر ڈاکٹر مسلم شاہ اباسین یوسفزئی کو فنون ادب کے شعبہ میں گرانقدر خدمات پرصدارتی ایوارڈ برائے حسن کارکردگی سے نوازا۔

تقریب میں صوبائی وزیر برائے ریلیف وآباد کاری محمد اقبال وزیر، اراکین اسمبلی، انسپکٹرجنرل آف پولیس ڈاکٹرثناء اللہ عباسی سمیت دیگر اعلیٰ حکام اور ایوارڈ وصول کرنے والوں کے عزیز واقارب نے شرکت کی۔

دوران تقریب گورنر شاہ فرمان نے فنون گلوکاری شعبہ میں مثالی خدمات پر ثریا خان المعروف مہ جبین قزلباش (مرحومہ) کو صدارتی ایوارڈ برائے حسن کارکردگی (بعد از وفات) سے نوازا،جو مرحومہ کے بیٹے نے وصول کیا۔

اسی طرح فیاض خان خیشگی کو گلوکاری، پروفیسر ڈاکٹر محمد اشرف خان کو فنون آرکیالوجی، ڈاکٹر یاسر محمود یوسفزئی کو شعبہ طب، جاوید منصور بابر کو فنون اداکاری اور پروفیسر ڈاکٹر یار محمد مغموم کو ادب جبکہ پروفیسر رحمت اللہ درد (مرحوم) کو ادب، شاعری کے میدان میں مثالی خدمات پر صدارتی ایوارڈ تمغہ امتیاز (بعد از وفات) سے نوازا گیا، ان کا ایوارڈ مرحوم کی بیٹی پروفیسر نادیہ درد نے وصول کیا۔

اس موقع پر گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان نے صدارتی سول اعزازات حاصل کرنے والی شخصیات کو مبارکباد پیش کی۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button