اراضی تنازعات، جنوبی وزیرستان میں ”قبائلی اصلاحی تحریک” کا آغاز
جنوبی وزیرستان سے پاکستان تحریک انصاف کے ممبر صوبائی اسمبلی نصیر اللہ خان وزیر نے قبائلی اصلاحی تحریک کا آغاز کر دیا، ”اراضی تنازعات، پولیس ، عدالتی ، تعلیمی اور صحت اصلاحات کے حق میں پورے صوبے کے دورے مکمل کر کے 30 مارچ کووزیر اعلیٰ ہاؤس کے سامنے دھرنا دیں گے۔”
دورہ بنوں کے موقع پر میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے رکن صوبائی اسمبلی نے کہا کہ فاٹا انضمام کے بعد بھی قبائلی عوام بنیادی انسانی حقوق سے محروم ہیں، جس کے ذمہ دار اس وقت کے سرتاج عزیز ہیں جنہوں نے قبائلیوں کے مسائل و ضروریات کو ریکارڈ نہیں کیا، ہماری تحریک کا مقصد ضم اضلاع میں زمینی تنازعات کا خاتمہ کرنا ہے حکومت کو چاہئے کہ وہ جنوبی وزیرستان میں زلی خیل اور دوتانی قبائل کے درمیان لڑائی کے خاتمے میں سنجیدگی کا مظاہرہ کرے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ پولیس نظام اور سرکاری رٹ کا قیام عملی طور پر فعال کیا جائے، جس طرح فاٹا انضمام کے وقت یہاں کی خاصہ دار و لیویز فورس کے ساتھ خیبر پختونخوا پولیس کے برابر مراعات دینے کا وعدہ کیا گیا تھا اب وہ وعدہ پورا کرنا چاہئے کیونکہ تمام ضم اضلاع کی پولیس مطالبات کے حق میں احتجاج پر ہے
نصیراللہ وزیر نے کہا کہ عوام ان ساری ناکامیوں کا بوجھ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت پر ڈال رہے ہیں لیکن ایسا ہرگز نہیں، میں نے مناسب سمجھا کہ اپنی حکومت کا دفاع کرنے کے ساتھ ساتھ قوم کے مطالبات بھی حکام بالا تک پہنچاؤں۔
یہ بھی پڑھیں:
اراضی تنازعہ، وانا میں مزید 2 افراد جاں بحق
جمرود اراضی تنازعہ، فریقین کے تمام مورچے مسمار
ضم اضلاع میں اراضی تنازعات حل کرنے کا کام سول انتظامیہ کے سپرد
اُن کا کہنا تھا کہ ضم شدہ علاقوں میں عدالتی نظام کی بحالی،جرگہ سسٹم کو برقرار رکھنا اور سابقہ اور نئے تمام فیصلے کو برقرار رکھنا چاہتے ہیں ضلعی انتظامیہ اور ضلعی پولیس اپنی اصلاح کریں۔
اُنہوں نے اعلان کیا کہ 30 مارچ کو وزیر اعلیٰ ہاؤس کے سامنے دھرنا دیا جائے گا، اسی طرح تمام ضم اضلاع سے جرگہ ممبر منتخب کرنے کے بعد وزیر اعلیٰ،گورنر اور کور کمانڈر کے ساتھ بڑا جرگہ منعقد کریں گے۔
یاد رہے کہ 11 مارچ کو ضم اضلاع کے تنازعات کے حل کیلئے عوامی نیشنل پارٹی کی خصوصی کمیٹی نے وزیرستان اور باجوڑ میں جاری مختلف تنازعات اور مورچہ زنی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ اے این پی قومی مسائل کے دیرپا حل اور پرامن ماحول یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھائے گی۔