قومی

کورونا مزید 40 جانیں نگل گیا، تعداد 13 ہزار 757 ہو گئی

ملک بھر میں کورونا وائرس سے ایک دن میں مزید 40 افراد جاں بحق ہو گئے جب کہ ساڑھے 3 ہزار کے قریب مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 42 ہزار 845 کورونا ٹیسٹ کئے گئے جس کے بعد مجموعی کووڈ 19 ٹیسٹس کی تعداد 96 لاکھ 91 ہزار 087 ہو گئی ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید 3 ہزار 449 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، اس طرح پاکستان میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 6 لاکھ 19 ہزار 259 ہو گئی ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک سندھ میں 2 لاکھ 62 ہزار 503، پنجاب میں ایک لاکھ 93 ہزار 054، خیبر پختونخوا میں 77 ہزار 972، اسلام آباد میں 50 ہزار 096، بلوچستان میں 19 ہزار 290، آزاد کشمیر میں 11 ہزار 377 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 967 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس وقت ملک بھر میں کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد 27 ہزار 188 ہے جب کہ 2 ہزار سے زائد مریضوں کی حالت تشویشناک ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا سے مزید 40 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں جس کے بعد اب اس وبا سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد مجموعی طور پر 13 ہزار 757 ہو گئی ہے۔

این سی او سی کے مطابق کورونا سے ایک دن میں 813 مریض صحت یاب ہوئے جس کے بعد صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 5 لاکھ 78 ہزار 314 ہو گئی ہے۔

واضح رہے کہ آج ضلع بونیر میں پولیس ٹریننگ کیلئے موجود باجوڑ پولیس کے 12 اہلکاروں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، مذکورہ اہلکاروں کو باجوڑ واپس بلا کر اپنے گھروں میں کورنٹائن کر لیا گیا ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button