وزیراعلی محمود خان کا پشاور ماڈل ٹاؤن میں صحافیوں کیلئے میڈیا کالونی کے قیام کا اعلان
وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان نے مجوزہ پشاور ماڈل ٹاؤن میں صحافیوں کیلئے میڈیا کالونی کے قیام سمیت پشاور پریس کلب کیلئے 2 کروڑ روپے ون ٹائم سپیشل گرانٹ کی فراہمی کا اعلان کیا ہے۔
وزیراعلی ہاؤس میں پشاور پریس کلب کی نومنتخب کابینہ کی تقریب حلف برداری سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے انہوں نے صحافت کو ریاست کا اہم ستون اور صحافتی برداری کو معاشرے کا اہم طبقہ قرار دیتے ہوئے انہوں نے صحافیوں پر زور دیا کہ وہ اپنی رپورٹنگ میں زیادہ سے زیادہ ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور حکومت کے اچھے اقدامات کو اُجاگر کرنے میں اپنامثبت کردارادا کریں ۔
اس موقع پر سپیکر صوبائی اسمبلی مشتاق غنی اوروزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے اطلاعات کامران بنگش نے بھی تقریب سے خطاب کیاجبکہ سیکرٹری اطلاعات ارشد خان ، ڈائریکٹر جنرل اطلاعات امداداﷲ، پشاور پریس کلب کے نو منتخب صدر محمد ریاض، جنرل سیکرٹری عمران بخاری سمیت دیگر اراکین کابینہ ، لاہور پریس کلب کے ممبران اور سینئر صحافی حضرات نے تقریب میں شرکت کی۔
اُنہوں نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت صحافتی برادری کو درپیش مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن اقدامات یقینی بنائے گی جبکہ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو پشاور پریس کلب کی سالانہ گرانٹ ان ایڈ میں اضافے کیلئے متعلقہ قانون میں ضروری ترامیم جبکہ پشاور پریس کلب میں ڈیجیٹل سٹوڈیو کے قیام کیلئے پی سی ون کی تیاری کیلئے ضروری اقدامات اُٹھانے کی بھی ہدایت کی ہے ۔
وزیراعلیٰ نے کہاکہ ہم نے میڈیا کی طرف سے مثبت تنقید کا ہمیشہ خیر مقدم کیا ہے اور خیبرپختونخوا کے صحافی انتہائی ذمہ دارانہ صحافت کر رہے ہیں تاہم صوبے سے باہر بعض صحافی بغیر تحقیق اور صحیح معلومات کے صوبائی حکومت پر ہمیشہ تنقید کرتے رہتے ہیں اُنہیں بھی چاہیے کہ وہ اپنی خبروں اور تجزیوں میں توازن سے کام لیکر صوبائی حکومت کے اچھے او ر مثبت اقدامات کو بھی اُجاگر کریں۔
اپنی حکومت کی ڈھائی سالہ کارکردگی کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ سابقہ فاٹا کا صوبے میں کامیاب انضمام ، بی آر ٹی ، سوات موٹروے اور دیگر میگا ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل، کورونا کے خلاف حکمت عملی ، صحت کارڈ کی سو فیصد آبادی تک توسیع اورسینیٹ انتخابات میں شاندار کامیابی موجودہ صوبائی حکومت کی اہم کامیابیاں ہیں ۔
اُنہوں نے کہا کہ سابقہ فاٹا کا صوبے میں انضمام بلاشبہ صوبائی حکومت کیلئے ایک بڑا چیلنج تھا لیکن موجودہ صوبائی حکومت نے نامساعد حالات اور مشکل مالی صورتحال کے باوجود انتہائی احسن انداز میں انضمام کے سارے عمل کو مکمل کرلیا ۔
وزیراعلیٰ نے کہاکہ صوبائی حکومت نے نہایت قلیل عرصے میں صحت کار ڈ پلس سکیم کی صوبے کی سو فیصد آبادی تک توسیع ممکن بنائی ہے ۔ یہ صوبائی حکومت کا ایک منفرد پروگرام ہے جس کے تحت صوبے کی تمام آبادی کو سالانہ 10 لاکھ روپے فی خاندان علاج معالجے کی مفت سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ صوبائی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ تمام قسم کے ٹرانسپلانٹس کو بھی اس سکیم میں شامل کیا جائے گا۔
قبل ازیں وزیراعلیٰ نے پریس کلب کی نومنتخب کابینہ سے اُن کے عہدوں کا حلف لیا اور پریس کلب کے نومنتخب صدر اور اُس کی پوری کابینہ کو مبارکباد دیتے ہوئے اُمید ظاہر کی کہ نو منتخب صدر اور اس کی کابینہ صحافیوں کی فلاح و بہبود کیلئے بھر پور کوششیں کریں گے ۔