آئل ریفائنری کرک منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کیلئے ٹھوس اقدامات کی ہدایت
وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے پر وزیر اعظم عمران خان، پی ٹی آئی کے کارکنان اور پوری قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ قوم کے منتخب نمائندوں کا بحیثیت وزیر اعظم عمران خان پر بھر پور اعتماد نہ صرف وزیراعظم اور حکومت بلکہ پوری قوم کی جیت اور حق کی فتح ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ وزیراعظم پر ممبران قومی اسمبلی کا اظہار اعتماد اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ کپتان کے کھلاڑی ہر وقت اور مرحلے میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں، وہ بکنے والے ہیں نہ جھکنے والے۔ یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں وزیر اعلی نے کہا کہ عمران خان اس قوم کا وہ واحد لیڈر ہے جس کو اپنے اصولوں اور نظریات کی خاطر اقتدار کی بھی پرواہ نہیں اور وہ سیاست میں اعلی اخلاقی قدروں کے علمبردار ہیں یہی وجہ ہے کہ انہوں نے خود سے قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ لینے کا فیصلہ کیا جس میں اللہ تعالی نے انہیں شاندار کامیابی سے نوازا۔
وزیراعلی کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم اعتماد کا ووٹ حاصل کرکے نہ صرف عوام کے سامنے سرخرو ہوئے بلکہ مخالفین کے منہ بھی ہمیشہ کے لئے بند/ کردیے اور اب وہ مزید جوش و جزبیاور عوامی طاقت کے ساتھ نئے پاکستان اور تبدیلی کا سفر جاری رکھیں گے۔ ملک کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے والوں اور انتخابی سیاست میں کرپشن کو فروغ دینے والے عناصر کی مخالفت کے باوجود اس قوم کو نیا پاکستان اور نیا نظام دینے کی جدو جہد جاری رکھیں گے۔
دریں اثناء وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے متعلقہ حکام کو آئل ریفائنری کرک کے قیام کے منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ منصوبے کے قیام کے لئے جگہ کی نشاندہی اور درکار زمین کی خریداری سمیت تمام ضروری امور کو جلد حتمی شکل دی جائے اور اس سلسلے میں تمام متعلقہ محکموں اور اداروں کی ذمہ داریوں کا تعین کیا جائے، یہ صوبائی حکومت کا میگا پراجیکٹ ہے جس کے قیام کے لئے حکومت تمام وسائل فراہم کریگی۔
وہ وزیراعلیٰ ہاوس پشاور میں آئل ریفائنری کرک کے قیام کے حوالے سے ایک اہم اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ صوبائی وزیر اکبر ایوب، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری شہاب علی شاہ، سیکرٹری توانائی اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں منصوبے پر اب تک کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ منصوبے کے قیام کے لئے دو مختلف سائٹس زیر غور ہیں۔ وزیراعلیٰ نے منصوبے کے لئے سائٹ کے انتخاب کے عمل کو بلا تاخیر حتمی شکل دینے اور زمین کی خریداری کے لئے ضروری اقدامات اٹھانیکی ہدایت کی تاکہ منصوبے پر جلد عملی کام کا آغاز ممکن ہو سکے۔
انہوں نے محکمہ توانائی کو دیگر متعلقہ حکام کے ساتھ اجلاس منعقد کرنے اور منصوبے پر عمل درآمد کے لئے ذمہ داریوں کا واضح تعین کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔
محمود خان نے کہا کہ صوبائی حکومت شروع دن سے صوبے میں سرمایہ کاری کے اضافے اور سرمایہ کاروں کو سہولیات کی فراہمی کے لئے کوشاں ہے۔ آئل ریفائنری کرک صوبائی حکومت کااہم اور میگا منصوبہ ہے جس کے قیام کے لئے حکومت تمام ترممکنہ تعاون فراہم کریگی۔