بلوچستان

سبی میں بارودی سرنگ کا دھماکہ، پانچ مزدور جاں بحق

صوبہ بلوچستان کے ضلع سبی کے علاقے بابر کچھ میں ہونے والے بارودی سرنگ کے دھماکے میں پانچ مزدور جاں بحق ہوگئے ہیں جب کہ پانچ زخمی ہیں۔ ڈپٹی کمشنر سبی زاہد شاہ کا کہنا ہے کہ سبی سے مزدور ایک عمارت کی تعمیر کے لیے جب ایک گاڑی میں بابر کچھ جارہے تھے کہ تو ان کی گاڑی سٹرک کنارے نصب بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی۔

گاڑی کے ٹکرانے سے ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں پانچ مزدور جاں بحق ہوگئے ہیں۔ جاں بحق ہونے والے مزدوروں کی شناخت حیدر علی، عثمان، یوسف، محمد بشیر اور مظہر حسین کے ناموں سے کی گئی ہے۔

بارودی سرنگ دھماکے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے پانچ مزدوروں کو علاج معالجے کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق جاں بحق ہونے والے چار مزدوروں کا تعلق ساہیوال اور چیچہ وطنی سے ہے۔ جاں بحق مزدوروں کی نعشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے سبی ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

بارودی سرنگ دھماکے کی اطلاع ملتے ہی علاقے کو لیویز اور دیگر متعلقہ سیکیورٹی اداروں کے اہلکاروں نے گھیر لیا ہے اور اس ضمن میں انہوں نے اپنی کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button