مالم جبہ میں نیشنل سائیکلنگ میلے کا انعقاد، 59 سائیکل سواروں کی شرکت
جنت نظیر وادی مالم جبہ میں نشینل سائیکلنگ میلے کا انعقاد ہوا جس میں بین الاقوامی کھلاڑیوں سمیت 59 سائیکلسٹ شریک ہوئے۔
پاکستان کے سویٹزر لینڈ سوات میں سطح سمندر سے 9200 فٹ کی بلندی پر واقع وادی مالم جبہ میں قومی سائیکلنگ کامیلہ سجایا گیا۔ 6 کلومیٹر پر مشتمل کیچڑ والے ٹریک پر 59 سائیکل سواروں نے حصہ لیا۔اس قومی مقابلے میں سوات کے 9، اسلام آبادکے 30، لاہورکے 19 اور کینیڈا کی ایک خاتون اتھیلیٹ نے حصہ لیا۔
ایتھلیٹس نے وادی کی مشکل ٹریک پر شان دار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ جونیئرکیٹیگری میں ایم ذیشان نے پہلی، ابوذر نے دوسری اورذیشان علی نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ مردوں کی کیٹیگری میں دانش نے پہلی، محمد عثمان نے دوسری اور حماد حسین نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ خواتین کیٹیگری میں بسمہ نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔
روزی گیبریل (مشہور بلاگر اور کینیڈین بائیکر) نے بھی اس ریس میں حصہ لیا۔ اس نے خواتین زمرے میں دوسری پوزیشن حاصل کی۔اس موقع پر روایتی رقص، رسہ کشی سمیت دیگر تفریحی مقابلے بھی منعقد کئے گئے۔ مہمانِ خصوصی سیکرٹری محکمہ جنگلات شاہد خان نے کھلاڑیوں میں سرٹیفکیٹ اور انعامی رقم تقسیم کی۔