خیبر پختونخوا

”ستاسو رائے” پشاور کے مزیدار مگر معیاری کھانوں کا پتہ!

خیبر پختونخوا فوڈ سیفٹی اتھارٹی نے خوراک سے وابستہ کاروباروں سے متعلق معلومات کے لئے نئی ایپ متعارف کرا دی۔

جنرل منیجر آئی ٹی خیبر پختونخوا فوڈ سیفٹی اتھارٹی عامر شہزاد کے مطابق ”ستاسو رائے” کے نام سے لانچ ہونے والی ایپ کو عوام کی جانب سے زبردست پذیرائی مل رہی ہے، ایپ کو عوام اور فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے ماہرین دونوں استعمال کر سکیں گے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ایپ کے ذریعے صارفین خوراک سے وابستہ کسی بھی یونٹ جیسے کہ ریسٹورنٹ، ہوٹل، جوس شاپ وٖغیرہ میں دستیاب اشیاء خوردنوش کے معیار کے حوالے سے جان سکیں گے، صارفین کو فوڈ سیفٹی اتھارٹی کی جانب سے متعلقہ کاروبار کے انسپکشن کا ڈیٹا جیسے ملازمین کی فٹنس، صفائی، ملاوٹ، اور عمومی کارکردگی کےحوالے سے بھی معلومات تک رسائی حاصل ہو گی۔

جی ایم آئی ٹی کے مطابق ایپ ابتدائی طور پر صرف پشاور میں کارآمد ہو گی، ایپ میں ریٹنگ کی سہولت موجود ہے اور صارفین کسی بھی ریسٹورنٹ، ہوٹل یا خوراک سے وابستہ دیگر کاروباروں کے حوالے سے اپنی رائے بھی دے سکتے ہیں۔ ایپ کو گوگل پلے اسٹور سے ڈاون لوڈ کیا جا سکتا ہے۔

ڈی جی فوڈ سیفٹی اتھارٹی شاہ رخ علی خان کا کہنا تھا کہ صوبے میں خوراک سے وابستہ کاروباروں کی انسپکشن کا عمل جدید تقاضوں کے مطابق کیا جا رہا ہے، فوڈ سیفٹی اتھارٹی نے حال ہی میں پشاور میں تقریباً 17 ہزار کاروباروں کی جیو ٹیگنگ کا عمل مکمل کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایپ میں جیو ٹیگنگ سے حاصل ہونے والا ڈیٹا استعمال کیا گیا ہے، ایپ کی مدد سے صارفین خوراک سے وابستہ کسی بھی کاروبار کے معیار کے حوالے سے جان سکیں گے جس سے اتھارٹی کو معیاری اشیائے خوردنوش کی فراہمی یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button