‘جب بھی الیکشن شفاف ہوں گے عمران خان کی پارٹی ہار جائے گی’
نوشہرہ سے خیبرپختونخوا اسمبلی کی نشست پر کامیاب ہونے والے مسلم لیگ نواز کے امیدوار اختیار ولی خان نے کہا ہے کہ جب بھی الیکشن شفاف ہوں گے تو عمران خان کی پارٹی نہیں جیت سکے گی۔
انتخابی نتائج مکمل ہونے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اختیار ولی خان نے کہا کہ ہماری جیت نواز شریف کے بیانیہ کی جیت اور مریم نواز کی سیاسی جدوجہد کا نتیجہ ہے۔ میں اپنی جیت اپنے حلقے کے عوام اور اپنی ماں کے نام کرتا ہوں۔
یہ بھی پڑھیں: پی کے 63 نوشہرہ، ”اختیار ولی کی کامیابی وزیردفاع پرویز خٹک کی شکست ہے”
اختیار ولی خان نے کہا کہ جب بھی الیکشن شفاف ہوں گے، عمران خان کی پارٹی ہار جائے گی کیوں کہ عوام ایسی نالائق و نا اہل حکومت، ایسے وزیروں اور وزیراعظم پر عوام اعتماد نہیں کرتے۔
انہوں نے کامیابی میں اہم کردار ادا کرنے پر اپنے حلقے کے عوام، اتحادی جماعتوں اور تحریک انصاف کے ناراض کارکنوں کا بھی شکریہ ادا کیا۔
الیکشن کمشن کے زرائع کے مطابق غیرسرکاری اور غیرحتمی نتائج کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے نامزد امیدوار اختیار ولی 20,971 ووٹ لے کر کامیاب امیدوار قرار پائے ہیں، ان کے مدمقابل تحریک انصاف کے نامزد امیدوار میاں عمر کاکا خیل نے 16,883 ووٹ لئے جبکہ عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوار 4206 ووٹ اور تحریک لیبک پاکستان کے امیدوار قاری ثناءاللہ نے 61 ووٹ حاصل کئے ہیں۔