آئی ایم ایف نے پاکستان کا قرض پروگرام بحال کردیا
عالمی مالیاتی ادارہ (آئی ایم ایف) نے پاکستان کا قرض پروگرام بحال کر دیا۔ اس ضمن میں جاری اعلامیے کے مطابق آئی ایم ایف اور پاکستان کےدرمیان ریفارم پروگرام پر اتفاق ہو گیا ہے۔ بورڈ کی منظوری کے بعد پاکستان کو 500 ملین ڈالر کی قسط جاری کی جائے گی۔
اعلامیے کے مطابق کورونا وائرس کے اخراجات کا آڈٹ کرانے اور بجلی پر سبسڈی کم کرنے پر بھی اتفاق ہوا ہے۔ آئی ایم ایف اعلامیہ کے مطابق رواں مالی سال کے دوران پاکستان کی معیشت 1.5 فیصد تک رہے گی۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ کورونا کی دوسری لہر کے اثرات دنیا بھر کے معیشتوں پر مرتب ہورہے ہیں۔ اس کےعلاوہ پاکستان کے زرمبالہ کے ذخائر جنوری میں 13 ارب ڈالر ریکارڈ کیے گئے ہیں۔ اعلامیے کے مطابق پاکستان نے ایف اے ٹی ایف کے حوالے سے نمایاں پیش رفت کی ہے۔
واضح رہے کہ 3 جولائی 2019 کو آئی ایم ایف نے پاکستان کے لیے 6 ارب ڈالرز کے قرض کی منظوری دی تھی جو تین سال کے دوران وقتاً فوقتاً قسط وار جاری کیے جائیں گے۔