لنڈی کوتل اور طورخم میں امن و امان کی صورتحال تسلی بخش قرار
سی سی پی او پشاور عباس احسن نے لنڈی کوتل اور طورخم میں امن و امان کی صورتحال کو تسلی بخش قرار دے دیا۔
نمائندہ ٹی این این کے مطابق سی سی پی او پشاور عباس احسن نے ضلع خیبر کی تحصیل لنڈیکوتل کا دورہ کیا، طورخم بارڈر بھی گئے۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر خیبر ڈاکٹر محمد اقبال بھی موجود تھے۔
کیپٹل سٹی پولیس آفیسر عباس احسن نے طورخم بارڈر، لنڈی کوتل، مچینی چیک پوسٹ، لنڈی کوتل لیویز سنٹر اور پولیس سٹیشن کا دورہ کیا۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد اقبال اور ایس ایچ او امجد شلمانی نے طورخم بارڈر کی موجودہ صورتحال، لیویز سنٹر میں پولیس کی رہائش گاہ اور لنڈی کوتل پولیس سٹیشن کی موجودہ کارگردگی پر بریفنگ دی۔
سی سی پی او نے لنڈی کوتل پولیس سٹیشن کا ریکارڈ چیک کیا اور پولیس سٹیشن میں حوالات کا بھی جائزہ لیا اور سیکورٹی صورتحال اور امن و امان کی مزید بہتری کے لئے احکامات جاری کئے۔
علاوہ ازیں پولیس جوانوں کو ٹریننگ اور دیگر سہولیات فراہم کرنے کے آرڈر بھی جاری کئے گئے، سی سی پی او عباس احسن نے کہا کہ علاقے میں امن اور امان کی صورتحال اور عوام و تاجروں کو تحفظ فراہم کرنا پولیس کی ذمہ داری ہے، ڈیوٹی کے دوران کوئی غفلت برداشت نہیں کریں گے۔