خیبر پختونخوا
دلیپ کمار کے آبائی مکان کی خرید وفروخت کا معاملہ کھٹائی میں پڑ گیا
بالی ووڈ کے نامور اداکار دلیپ کمار کے پشاورمیں آبائی مکان کو قومی ورثہ قرار دیے جانے کے بعد مالک مکان اور حکومت کے درمیان قیمت پر ٹھن گئی۔ پشاور میں بھارتی لیجنڈ اداکار دلیپ کمار کے آبائی مکان کی خرید وفروخت کا معاملہ کھٹائی میں پڑ گیا ہے۔
مکان کے مالک نے ڈی سی کو درخواست دی جس میں کہا گیا ہے کہ مکان کی حالت ایسی نہیں کہ اس کی تعمیر نو کرکے اسے قومی ورثہ بنایا جائے جب کہ مالک مکان نے مکان کی قیمت بھی 35 کروڑ مانگ لی ہے۔
دوسری جانب ڈائریکٹر آرکیالوجی عبد الصمد کا کہنا ہے کہ حکومت فیصلہ کر چکی ہے کہ مالک کو سرکاری ریٹ کے مطابق مکان کی قیمت ادا کی جائے گی، مالک مکان کی طرف سے لگائی قیمت بہت زیادہ ہے۔
خیال رہے کہ حکومت نے 2011 میں دلیپ کمار کے آبائی مکان کی خریداری کے لیے 3 کروڑ روپے آفر دی تھی جس پر عملی طور پر کچھ نہ ہوسکا۔