باڑہ میں جاری جزوی تباہ شدہ مکانات کے سروے کو یکسر مسترد کرتے ہیں
ضلع خیبر باڑہ ملک دین خیل میں جاری جزوی تباہ شدہ مکانات کے سروے کو یکسر مسترد کرتے ہیں اور تمام مکانات کو مکمل تباہ شمار کیا جائے، یہ مطالبات ملک دین خیل قومی کونسل کے چیئرمین واحد آفریدی نے دیگر عہدیداروں سمیت پریس کانفرنس کرتےہوئے کئے۔
انہوں نے کہا کہ ہم آج سے باڑہ کے علاقے کوہی ملک دین خیل میں شکایت کیمپ لگائینگے اور اگر ہمارے مطالبات تسلیم نہیں کئے گئے تو ایک ہفتہ بعد باڑہ بازار میں احتجاجی مظاہرہ کرکے بعد ازاں صوبائی اسمبلی پشاور کے سامنے احتجاجی دھرنا دینگے اور اگر ضرورت ہوئی تو باڑہ کے عوام کو لیکر پارلیمنٹ ہاوس اسلام آباد میں بھر پور دھرنا دینگے۔
خیبر پریس کلب باڑہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے دیگر مطالبات میں کہا ہر خاندان کو سروے میں شامل کیا جائے، روزانہ کی بنیاد پر پہلے سے زیادہ فارمز جاری کرکے سروے کے دورانئے کو بڑھایا جائے۔ انہوں نے بات کرتے ہوئے کہا کہ ملک دین خیل قومی کونسل کی تشکیل کے بعد ڈی سی خیبر، اے سی باڑہ، ڈی پی او خیبر اور کمانڈنٹ فورٹ سلوپ کیساتھ ملاقاتیں کی اور سروے بارے عوامی شکایات انہیں پہنچائیں جن کا تاحال ازالہ نہیں کیا جاسکا۔
انہوں نے مزید کہا کہ تباہ شدہ مکانات کے سرویز بہت سست روی کے شکار ہیں تاہم حکومت ان کو زیادہ فارمز ایشو کرکے اس میں زیادہ کام کرے تاکہ سرویز بر وقت ہو سکے۔ حاجی واحد نے بات کرتے ہوئے کہا کوہی ملک دین خیل میں شکایت کیمپ میں ہم سرویز میں مزید شکایات اور بے انصافی کے بارے ثبوت اکٹھا کرکے اس کا ازالہ ایک ہفتے میں چاہتے ہیں بصورت دیگر احتجاج کی شروعات کی جائیگی۔ پریس کانفرنس کے دیگر شرکاء میں عابد حسین، الحاج میاں گل، دولت خان اور آشنا گل شامل تھے۔