میرانشاہ، غیرت کے نام پر حاملہ خاتون سمیت دو افراد قتل
شمالی وزیرستان میں میرانشاہ سے دور ایک گاؤں میں دیور نے غیرت کے نام پر گھر کے باہر موجود ایک شخص اور اپنی بھابی کو قتل کر دیا۔
ایس پی انویسٹی گیشن شمالی وزیرستان کے مطابق میرانشاہ سے شمال کی طرف 25 کلومیٹر دور پاک افغان سرحد کے قریب تحصیل غلام خان کے گاؤں لولی فقیران میں غیرت کے نام پر ایک خاتون اور ایک شخص کو قتل کر دیا گیا۔
پولیس کے مطابق دیور نے گھر کے باہر موجود شخص کو خنجر سے وار کر کے قتل کیا اور بعد ازاں گھر میں داخل ہو کر اپنی بھابی کو بھی غیرت کے نام پر قتل کر دیا، خاتون کی عمر تقریباً 30 سال تھی جو 2 بچیوں کی ماں اور 8 ماہ کی حاملہ تھی۔
دوسری جانب پولیس کو اطلاع ملتے ہی آئی جی خیبر پختونخوا ڈاکٹر ثناء اللہ عباسی کے حکم پر ڈی پی او شفیع اللہ گنڈاپور نے خصوصی ٹیم تشکیل دی جس نے بھاری نفری کے ساتھ جائے وقوعہ پر چھاپہ مار کر ملزم کو گرفتار کر لیا۔
پولیس نے ملزم کو آلہ قتل سمیت گرفتار کر لیا اور دونوں لاشوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال میرانشاہ پوسٹ مارٹم کیلئے منتقل کر دیا، ملزم نے اعتراف جرم کر لیا ہے جس کو قانون کے مطابق سزا دی جائے گی۔