گمرک میں کانٹا مشین خراب، طورخم میں مال بردار گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں
افغانستان گمرک کسٹم ہاؤس میں قائم وزن کانٹا میں خرابی کے باعث برآمدات متاثر ہوئیں طورخم بارڈر پر مال بردار گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں، ٹرانسپورٹروں کو مشکلات درپیش ہیں۔
نمائندہ ٹی این این کے مطابق افغانستان گمرک کسٹم ہاؤس میں وزن کانٹا مشین میں مبینہ خرابی کے باعث طورخم بارڈر پر سینکڑوں فروٹ، پرچون، ٹرانزٹ اور دیگر مال بردار گاڑیاں کھڑی کر دی گئی ہیں جس کے باعث ٹرانسپورٹرز کو مشکلات کا سامنا ہے۔
طورخم کسٹم حکام کا کہنا ہے کہ بارڈر پر کھڑی تمام ایکسپورٹ و دیگر گاڑیوں کی کلئیرنس کر دی گئی ہے تاہم افغانستان کی طرف گمرک میں کانٹا مشین میں خرابی کے باعث تمام مال بردار گاڑیاں کھڑی ہیں۔
طورخم بارڈر پر کھڑی افغانستان جانے والی مال بردار گاڑیوں کے ڈرائیورز اور ٹرانسپورٹرز نے افغان حکام سے گمرک کانٹہ میں فنی خرابی جلد ٹھیک کرنے کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ کبھی طورخم میں اور کبھی افغان گمرک میں کانٹے مشینوں میں خرابی آتی ہے جس کی وجہ سے ٹرانسپورٹروں کو خوار ہونا پڑتا ہے اور ان کا نقصان ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر آئے روز ان کانٹوں میں خرابی پیدا ہوتی ہے تو اس سے دونوں پڑوسی ممالک کی درآمدات اور برآمدات کو بھی نقصان ہوتا ہے اور افسوس کی بات ہے کہ بڑی بڑی حکومتیں کانٹوں کی مشینوں کو درست کرنے میں کئی دن لگا دیتی ہیں۔